کراچی (ویب ڈیسک)
محکمہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ برطانیہ سے نیا کورونا وائرس کراچی پہنچ گیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ برطانیہ سے واپس آنے والے 12 افراد میں سے 3 میں کورونا وائرس کے نئے قسم کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے ترجمان کے مطابق برطانیہ سے واپس آنے والے 12 افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ کیے گئے، ان افراد سے رابطے میں آنے والے تمام افراد کے ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔
ترجمان محکمہ صحت سندھ نے کہا کہ ان افراد کے مزید ٹیسٹ بھی کیے جارہے ہیں، تمام افراد کا تعلق کراچی سے ہےجو کہ نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ باقی تین افراد میں پرانے کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم کے چیئرمین کورونا ٹاسک فورس کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر عطاءالرحمان نے برطانیہ میں دریافت نئے کورونا وائرس سے ملتے جلتے کورونا وائرس کے کراچی پہنچنے کا انکشاف کیا تھا۔