سانحہ مچھ کے شہداء کی ہزارہ ٹائون کے قبرستان میں تد فین
علامہ ہاشم موسوی نے شہدا ء کی نمازہ جنازہ پڑھائی،قاسم سوری، ذلفی بخاری، علی زیدی اور دیگر کی شرکت
کوئٹہ(ویب ڈیسک )کوئٹہ میں سانحہ مچھ کے10 شہید کان کنوں کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد ان کی تدفین کر دی گئی۔کوئٹہ کے ہزارہ ٹائون میں علامہ ہاشم موسوی نے شہدا ء کی نمازہ جنازہ پڑھائی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، معاون خصوصی ذلفی بخاری، وفاقی وزیر علی زیدی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔نماز جنازہ ادا کرنے کے بعدہزارہ ٹائون کے قبرستان میں سانحہ مچھ کے شہداء کی تدفین کی گئی۔قبل ازیں ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ ناصر عباس شیرازی نے کہاکہ تمام میتوں کے شرعی وارث یہیں ہیں، ہزارہ ٹائون کے قبرستان میں 10 قبریں کھودی گئی اور تمام میتوں کی تدفین یہیں پر کی جائے گی۔