سپریم کورٹ کل سوموار سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے دوران انتہائی اہم مقدمات کی سماعت کرے گی
کاز لسٹ اور ججز روسٹر جاری
اسلام آباد (ویب ڈیسک )عدالت عظمی کل سوموار سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے دوران انتہائی اہم مقدمات کی سماعت کرے گی۔ سپریم کورٹ نے پرنسپل سیٹ اسلام آباد کیلئے آئندہ عدالتی ہفتے کی کاز لسٹ اور ججز روسٹر جاری کر دیا ہے۔ روسٹر کے مطابق آئندہ ہفتے 11 سے 15 جنوری 2020 ء کے دوران پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں ایک لارجراورچھ معمول کے بینچ مختلف اہم مقدمات کی سماعت کریں گے۔ بینچ نمبر ایک چیف جسٹس گلزار احمد اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل ہوگا۔ بینچ دو میں جسٹس مشیر عالم،جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس سردار طارق شامل ہوں گے۔ بینچ تین جسٹس عمر عطا بندیال،جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل ہوگا۔ بینچ چار میں جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس امین الدین خان شامل ہوں گے۔ بینچ پانچ جسٹس مقبول باقر،جسٹس یحیی آفریدی اور جسٹس قاضی امین پر مشتمل ہوگا۔ بینچ چھ میں جسٹس منظور ملک،جسٹس مظہر عالم اور جسٹس منصور علی شاہ شامل ہوں گے۔ جاری کردہ کاز لسٹ کے مطابق سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کیذریعے کروانے سے متعلق دائر صدارتی ریفرنس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ گیارہ جنوری کو کرے گا۔، آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میںگرفتار پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کی ضمانت سے متعلق دائر درخواست، شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ جتوئی کی عمر قید کیخلاف اپیل اور گلوکارہ میشا شفیع جنسی ہراسگی کے کیس کی سماعت بھی 11جنوری بروز ( پیر) کو ہوگی۔ امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیلوں اور وکلا کی جعلی ڈگریوں سے متعلق کیس کی سماعت منگل 12 جنوری کو ہوگی۔