اسلام آباد ( ویب ڈیسک)
پاکستان میں بجلی کے بدترین بریک ڈائون کے بعد ملک کے پچاس فیصد حصے میں بجلی کی بحالی کردی گئی ، یہ بجلی فرنس آئل اور گیس سے پیدا کی جارہی ہےجبکہ نیوکلیئر اور کول پاور پلانٹس تاحال بحال نہ ہوسکے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاور ڈویژن حکام نے کہاہے کہ مختلف شہروں میں مرحلہ وار بجلی بحالی کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک کے 50 فیصد حصے میں بجلی بحال کر دی گئی ہے۔
پاور ڈویژن حکام کا کہنا تھا کہ بجلی کی طلب پوری کرنے کے لیے فرنس آئل اور گیس سےبجلی پیدا کی جارہی نیوکلیئراور کول پاورپلانٹس کو بھی جلد بحال کر دیا جائے گا، حکام پاور پلانٹس سسٹم میں آنے سے بجلی بحال کردی جائے گی۔ 4 بجے تک ملک بھر میں بجلی بحال کر دی جائے گی۔گزشتہ شب کراچی سے خیبرتک بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا تھا، تاہم حکومت کی جانب سے فوری طور پر بحالی کے اقدامات کی ہدایت کی گئی جس کے بعد اسلام آباد ، کراچی ، ملتان اور پشاور سمیت کئی شہروں کو بجلی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔ لاہور اور فیصل آباد میں بھی سپلائی بحال کر دی گئی تاہم کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی اضلاع اب تک بتی سے محروم ہیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر پانی و بجلی عمر ایوب خان نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ کل رات کو پورے ملک میں میل آئوٹ ہو ا،جس کے باعث بجلی کی ترسیل میں تعطل پیدا ہوا ، بلجی کا سیکٹر ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،ٹرانسمیشن لائنوں پر کام نہ ہو تو اور وہ پرانی ہوں اور وہ نئی ٹیکنالوجی کے مطابق نہ ہوں تو بریک ڈائون اکثر ہوجاتے ہیں۔بدقسمتی سے پاور پلانٹس تو بن گئے لیکن اس بجلی کو اٹھانے کے لئے ہمارے پاس ترسیل کا نظام بوسیدہ ہے اور ہمارا سسٹم چوبیس سے پچیس سو میگاواٹ بجلی اٹھانے کے قابل ہے ۔اور اگر اپ ڈیٹ نظام نہ ہو تو پھر ایسے ٹیکنیکل مسائل اٹھانا پڑتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم بجلی کی ترسیل کے نظام پر توجہ دے رہے ہیں اور انشا اللہ یہ نظام بھی ٹھیک کرلیں گے۔گیارہ بج کر اکتالیس منٹ پر ٹیکنیکل فالٹ آیا اور ایک سکینڈ کے اندر بجلی کی فریکوئنسی پچاس سے صفر ہوگئی ۔انہوں نے کہاکہ جب کہیں بھی اوورلوڈنگ ہوتی ہے تو پھر ٹیکنیکل فالٹ پیدا ہوجاتے ہیں ۔جب بجلی کا بریک ڈائون ہوا تو میں فوری طورپر تربیلا پہنچ گیا اور اس کو ہم نے دو بار سٹارٹ کیا جس کے بعد لاہور،فیصل آباد ،اسلام آباد ،میانوالی،ملتان،کراچی میں تقریبات سب بڑے شہروں میں بجلی کی بحالی شروع ہوگئی۔شدید دھند کے باعث کچھ لائنوں میں فالٹ نظرنہیں آرہے جنہیں تلاش کرنے کیلئے ٹیمیں کام کررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں 18ہزارمیگاواٹ سے زائد ٹرانسمیشن لائنز بجلی برداشت نہیں کرسکتی تھیں جبکہ ہم اس کو 24 ہزارپر لے گئے اور بجلی ٹرانسمیشن لائنوں پرکام کرکے بجلی کی زیادہ سے زیادہ فراہمی یقینی بنائی۔انہوں نے کہا کہ بجلی بریک ڈائون صرف پاکستان میں نہیں بلکہ کئی ممالک میں ہو جاتا ہے اور ہمارے آنے سے پہلے ماضی کی حکومتوں میں بھی ایسے آٹھ سے دس واقعات ہو چکے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جب کسی ایک سسٹم میں فالٹ آتا ہے تو پھر پورا سسٹم متاثر ہوتا ہے اور بریک ٹرپ کرجائے ہیں جس کے باعث فریکوئنسی گر جاتی ہے۔اب تک ہم 49ارب روپے بجلی کی ترسیلی نظام کے اپ ڈیٹ کرنے پر لگا چکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پوری رات ہم نے جاگ کر گزاری اور نہ میں خود سویا اور نہ میری ٹیم سوئی اور ہم بجلی کی بحالی کیلئے کوششیں کرتے رہے ۔گدو پاور پلانٹ میں ابھی تک کوئی فالٹ نظر نہیں آیا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سسٹم فیل نہیں ہوا بلکہ سسٹم کام کررہا ہے کسی ایک جگہ پر فالٹ آیا جس کے باعث ٹرپنگ ہوئی اور اس فالٹ کو تلاش کرنے کیلئے ٹیمیں کام کررہی ہیں اور پول ٹو پول فالٹ تلاش کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا ہم تحقیقات کررہے ہیں کہ فالٹ کیسے ہیں اور کیوں آیا جس کے باعث عوام کو آگاہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ جہاں بجلی چوری ہورہی ہے وہاں پر کارروائیاں جاری ہیں اور بجلی چوری پر قابو پانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔