پیاز، ٹماٹر چکن کی قیمتوں میں کمی،وزیراعظم کو آگاہی
جلد ویجیٹیبل گھی کی قیمتوں میں بھی کمی ہو گی ۔بریفنگ
رمضان میں اشیا ء کی بلا تعطل کم نرخوں پر دستیابی کے لئے اقدامات کی ہدایت
اسلام آباد(ویب نیوز)وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ خصوصا گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔
متعلقہ وزراء شریک اجلاس تھے جب کہ چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔وزیر خزانہ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ گزشتہ سات ہفتوں کے قیمتوں کے حساس اشاریے( Sensitive Price Indicators )کی روشنی میں پیاز، ٹماٹر اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔ آئندہ کچھ ہفتوں میں ویجیٹیبل گھی کی قیمتوں میں بھی کمی آنا شروع ہو جائے گی ۔اجلاس کو گندم کی ریلیز کے حوالے سے اقدامات پر بھی آگاہ کیا گیا۔ شرکا کو چینی کی درآمد کے حوالے سے ای سی سی کے فیصلے اور اس کے چینی کی قیمت میں کمی پر اثر ات پر بھی آگاہ کیا گیا ۔وزیراعظم نے رمضان المبارک میں عوام کو اشیائے خوردونوش کی بلا تعطل اور کم نرخوں پر دستیابی کے حوالے سے تیاری اور بروقت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے پہلے عام آدمی کو اشیائے ضرور یہ کی دستیابی اور قیمتوں میں کمی کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیراعظم اجلاس کو آئندہ سال گندم کی پیداوار کی فورکاسٹ اور ضرورت کے مطابق درآمد کی تیاری کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ شرکا کو آگاہ کیا گیا کہ حکومت کے گندم کی درآمد کے فیصلے کی بدولت مارکیٹ میں استحکام آیا ہے۔ اجلاس میں اشیائے ضرور یہ ، خصوصا گندم اور چینی کی قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے پیداوار میں اضافے پر توجہ مرکوز رکھنے اور اس ضمن میں صوبوں کو پیداوار میں اضافے کی غرض سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم نے ملکی آبادی کی خوراک کی ضروریات کے پیش نظر پیداوار میں اضافے کے حوالے سے ایک جامع اور موثر پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ فوڈ سیکیورٹی کے روڈمیپ پر عملدرآمد کے زریعے جہاں ملک خوراک کی ضروریات میں خود کفیل ہو سکے وہیں درآمدات پر آنے والے اخراجات میں کمی لا ئی جائے۔وزیراعظم نے یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے ضرور یہ کی بلا تعطل دستیابی کو یقینی بنانے اور رمضان المبارک تک قیمتوں کے حوالے سیمانیٹرنگ پر مسلسل آگاہ رکھنے کی ہدایت کی