حکومت ہر طرح سے ناکام ہوچکی، یہ نہیں چل سکتی، مریم نواز
دوسروں کو قرض لینے کا کہنے والوں نے خود قرضوں کے انبار لگا دیے،میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(ویب نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن))کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت ہر طرح سے ناکام ہوچکی ہے اور یہ نہیں چل سکتی جبکہ دوسروں کو قرض لینے کا کہنے والوں نے خود قرضوں کے انبار لگا دیے،مسلم لیگ(ن)کے پارلیمانی اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاس پہنچنے کے موقع پر میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ حکومت کی نالائقی اور نااہلی نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، آپ نے دیکھا پی آئی اے میں کیا ہوا اور ہم بین الاقوامی تنظیمیں کہہ رہی ہیں کہ پی آئی اے میں سفر نہیں کرنا۔انہوں نے کہا کہ پہلے آپ نے پائلٹس کی ڈگریوں پر اپنے پائلٹس کو بدنام کیا اور پھر لیز کی عدم ادائیگی کی وجہ سے آپ کا جہاز ملائیشیا میں روک لیا گیا جبکہ آپ تو کہتے تھے ہم سبز پاس پورٹ کی عزت کرائیں گے لیکن اب سبز پاسپورٹ کو کوئی ماننے کو تیار ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر طرح سے ناکام ہوچکی ہے اور یہ نہیں چل سکتی، یہ حکومت نالائقی اور نااہلی کی بلندی پر ہیں اور انہوں نے کوئی کارکردگی دکھائی نہیں ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ دوسروں کو قرض لینے کا کہتے تھے لیکن خود انہوں نے تاریخی قرضوں کے انبار لگا دیے ہیں، عوام کے اندر آگاہی حکومت کی کارکردگی لاتی ہے اور اس حکومت کی کارکردگی آپ کے سامنے ہے، ہر روز مہنگائی اور مس گورننس کا طوفان آتا ہے۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جو ناکامی 73 برس میں نہیں ہوئی وہ ان ڈھائی سالوں میں ہوگئی اور اس تنزلی کے لیے کسی کو کوئی آگاہی کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ کنٹرول میڈیا پر جو آپ دکھاتے ہیں اور جو اصل حالات ہیں ان کا کوئی مقابلہ نہیں، میڈیا پر آپ چاہے جو بھی دکھائیں لیکن اصل حالات وہ ہیں جو عوام کے گھروں کے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخاب سے متعلق انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب چوری ہونے کا واقعہ کوئی اکیلا نہیں بلکہ اسی طرح 2018 کے انتخابات بھی چوری ہوئے تھے اور اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ اپوزیشن کی ناکامی ہے تو یہ ان لوگوں کی ناکامی ہے جنہوں نے یہ کام کیا تھا۔