عثمان بزدار سے خواتین ایم پی ایز کی ملاقات، فلاح عامہ کے منصوبوں پر بات چیت
مسائل کے حل کے لئے خواتین ارکان اسمبلی کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،عثمان بزدار
وزیراعلیٰ عثمان بزدار انتہائی محنت کے ساتھ صوبے کو آگے لے کر جا رہے ہیں،خواتین اراکین اسمبلی
لاہور( ویب نیوز) )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے پنجاب اسمبلی کی خواتین اراکین نے ملاقات کی،فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔جمعہ کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مومنہ وحید، آسیہ امجد، عائشہ نواز اور شاہینہ کریم کھوسہ نے ملاقات کی۔ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے،ملاقات میں میں فلاح عامہ کے منصوبوں، خواتین اراکین اسمبلی کو مزید با اختیار بنانے اور مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔خواتین ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار انتہائی محنت کے ساتھ صوبے کو آگے لے کر جا رہے ہیں، خوشی ہے ماضی میں نظر انداز کئے گئے پسماندہ علاقوں پر توجہ دی جا رہی ہے، آپ اراکین اسمبلی کو عزت دیتے ہیں اور ان کے مسائل حل کرتے ہیں، ہمیں فخر ہے کہ پنجاب میں آپ جیسا وزیراعلیٰ ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ خواتین ارکان صوبائی اسمبلی کو ان کا جائز حق دیں گے، عوام کے مسائل کے حل کے لئے خواتین ارکان اسمبلی کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، خواتین کو با اختیار بنانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے، صنفی امتیاز کے خاتمے، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور سماجی و معاشی خود مختاری کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں، ملازمت پیشہ خواتین کی سہولت کیلئے سرکاری و نجی اداروں میں ڈے کیئر سینٹرز کا قیام عمل لایا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آپ کے علاقوں کے مسائل نوٹ کر لئے ہیں، انہیں فوری طو ر پر حل کریں گے، عوام کے حالات بدلنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، ترقیاتی منصوبوں میں خواتین ارکان اسمبلی کے مشوروں کو بھی اہمیت دیں گے، سابق ادوار میں ارکان اسمبلی کو بری طرح نظر انداز کیا گیا، گذشتہ حکومت نے اسمبلی کو ربڑ سٹمپ سے زیادہ اہمیت نہیں دی، ارکان اسمبلی ہمارے سر کے تاج ہیں، کوئی معاشرہ خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا، نئے پاکستان میں خواتین کو عزت و احترام، ترقی، خود مختاری اور تحفظ دیں گے۔