بھارتی پارلیمنٹ کے 40 فیصد ارکان قتل، اقدام قتل، اغوا اور خواتین کی آبرو ریزی میں ملوث
306 کے خلاف فوجداری مقدمات 94  پر قتل، اقدام قتل، اغوا اور خواتین کے خلاف جرائم  کے مقدمات
غیر سرکاری تنظیم ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز کی ایک رپورٹ میں  انتخابی حلف ناموں کا تجزیہ

نئی دہلی(ویب نیوز )

بھارتی پارلیمنٹ کے 40 فیصد سے زیادہ  ممبران مجرمانہ ریکارڈ رکھتے ہیں ۔40فیصد سے زیادہ موجودہ ممبران پارلیمنٹ کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہیں اور 25 فیصد سے زیادہ سنگین فوجداری مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔غیر سرکاری تنظیم ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز کی ایک رپورٹ میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے 763 ممبران پارلیمنٹ کے انتخابی حلف ناموں کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ ان میں سے 306 نے اپنے خلاف فوجداری مقدمات  ، اور 194 نے قتل، اقدام قتل، اغوا اور خواتین کے خلاف جرائم جیسے سنگین مجرمانہ مقدمات  کو تسلیم  کیا ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے کل 385 میں سے 139 ممبران پارلیمنٹ (36.10 فیصد) اور کانگریس کے 81 میں سے 43 ممبران پارلیمنٹ (53.08 فیصد) نے اپنے حلف ناموں میں اپنے خلاف مجرمانہ مقدمات کا اعتراف  کیا ہے۔ترنمول کانگریس کے چودہ اراکین پارلیمنٹ، وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے تیرہ، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے چھ، راشٹریہ جنتا دل کے پانچ اور عام آدمی پارٹی اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے تین تین ارکان نے ان کے خلاف مجرمانہ مقدمات کو تسلیم کیا ہے۔گیارہ اراکین پارلیمنٹ کے خلاف  قتل سے متعلق مقدمات، 32 اراکین پارلیمنٹ  کے خلاف اقدام قتل کے مقدمات جب کہ 21  کے خلاف خواتین کے خلاف جرائم سے متعلق مقدمات ہیں ۔کے پی آئی  کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  چار اراکین پارلیمنٹ پر عصمت دری سے متعلق مقدمات ہیں ۔رپورٹ میں یہ بھی پتہ چلا ہے کہ دونوں ایوانوں کے ہر رکن اسمبلی کے اثاثوں کی اوسط مالیت 38.33 کروڑ روپے ہے۔ اس کے مقابلے میں جن قانون سازوں نے اپنے خلاف مجرمانہ مقدمات  کو تسلیم  کیا ہے ان کے پاس اوسطا 50.03 کروڑ روپے کے اثاثے ہیں۔53 ارب پتی ممبران پارلیمنٹ میں سے سات تلنگانہ، نو آندھرا پردیش، دو دہلی، چار پنجاب، ایک اتراکھنڈ، چھ مہاراشٹر اور تین کرناٹک سے ہیں، جنھوں 100 کروڑ روپے سے زیادہ کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔بی جے پی کے چودہ ایم پی، بھارت راشٹرا سمیتی اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سات سات، کانگریس کے چھ، عام آدمی پارٹی کے تین، شرومنی اکالی دل کے دو اور ترنمول کانگریس کے ایک نے 100 کروڑ روپے سے زیادہ کے اثا ثے ظاہر کیے ہیں