یوم یکجہتی کشمیرآج منایا جائے گاعمران خان کوٹلی اور پی ڈی ایم رہنما مظفر آباد میں خطاب کریں گے
آج عام تعطیل ہے کشمیریوں سے یک جہتی کے لیے دن 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی
اسلام آباد (ویب نیوز ) آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت پاکستان بھر میں اور بیرونی دنیا میں آج (جمعہ کو)یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد پاکستانی قوم کا کشمیری عوام کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے منصفانہ جدوجہد کی مکمل حمایت کا اظہار کرنا ہے ۔یہ دن بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کے خلاف بھارت کے سنگین مظالم کو بے نقاب کرنے کے لئے بھی یاد رکھا جائے گا ۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان آزاد جموں وکشمیر میں کوٹلی کے مقام پر جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ملک بھر میں صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی ۔اسلام آباد، مظفر آباد، گلگت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں یکجہتی واکس کا بھی انتظام کیا جائے گا ۔پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے کوہالہ پل اور دوسرے اہم مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی ۔۔ اس موقع پر پاکستان بھر میں عام تعطیل ہوگی،یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر خصوصی پروگرامات تشکیل دیے گئے ہیں۔کے پی آئی کے مطابق دن کے آغاز پر مساجد میں کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔۔وزیراعظم پاکستان عمران خان کوٹلی میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کریں گے جبکہ مظفر آباد میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہوگا۔ جلسے سے صدر پی ڈی ایم مولانا فصل الرحمن ، چیرمین پی پی پی بلاول بھٹو ، اورمسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کریں گی۔ پاکستان بھر میں سیاسی ، مذہبی ،سماجی تنظیموں کی طرف ریلیاں نکالی جائیں گی۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں ریلیوں سے صوبائی وزیراعلی خطاب کریں گے جبکہ ہر ضلع کی سطح پر ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں اور ریلوے سٹیشنوں پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔۔ تمام فارن مشنز میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں خصوصی پروگرامات منعقد کئے جائیں گے۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آزاد کشمیر کے پرچم لہرا دیئے گئے ہیں۔ ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ اسلام آباد کو پاکستان و آزاد کشمیر کے پرچموں سے سجا دیا گیا ہے ۔