مظفر آباد (ویب نیوز)

بینک آف آزاد جموں و کشمیرکے صدراور چیف ایگزیکٹو آفیسر خاور سعید نے گزشتہ روز مین برانچ مظفر آباد میں عملے کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کا جائزہ لیااور صارفین کے لئے بینکاری خدمات سے متعلق ہدایات دیں۔ انھوں نے کہا کہ خدمات میں مسلسل بہتری اورکسٹمر زکے ساتھ بزنس تعلقات میں اضافے کے باعث یہ ادارہ صارفین کی خصوصی توجہ حاصل کررہا ہے۔ بینک کے منافع میں تاریخی اضافہ ہورہاہے،اثاثہ جات، ڈیپازٹس، گھریلو ترسیلات بڑھ رہے ہیں۔ جس سے بینک پر صارفین کے بھرپور اعتماد کی عکاسی ہورہی ہے۔انہوں نے کسٹمرز کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہیں بینک کی مختلف قرضہ جات سکیموں سے متعلق آگاہ کیا۔بینک کے عملے کو صارفین کے ساتھ بزنس تعلقات کو مستحکم کرنے اور کسٹمرسروس میں بہتری لانے کی تلقین کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صارفین کے ساتھ بزنس تعلقات مضبوط ہونے اور انہیں بہترین سروسز دینے سے ادارے کے بزنس میں اضافہ ہو گا۔