لانگ مارچ کو مہنگائی مارچ کانام دیناحقیقت پسندانہ ہے ،حافظ حسین احمد
پی ڈی ایم کے سرخیل نے لندن کی پناہ گزین کو مارچ اخراجات کے نام پر5ارب روپے کی فراہمی کامطالبہ کردیاہے
کوئٹہ(ویب نیوز)جمعیت علما اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا حکومت گرانے کے لیے مجوزہ لانگ مارچ کومہنگائی مارچ کا نام دینا اس لیے حقیقت پسندانہ ہے کیونکہ اس مارچ کے لیے انتہائی مہنگا بجٹ بنا لیا گیا ہے اور ان کے سرخیل نے لندن کے پناہ گزین کو مارچ اخراجات کے نام پر صرف 5 ارب روپے (سکہ رائج الوقت)کی فراہمی کا بھی مطالبہ کردیا ہے۔ وہ جمعہ کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں صوبہ کے مختلف اضلاع سے آئے وفود اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لندن کے بھگوڑے جوکہ پیسہ پھینک تماشہ دیکھ کے بھی بین الاقوامی چیمپئن ہیں اور اسی فارمولے کے تحت ہی رینٹل احتجاج کی طویل سیریز کھیلی جارہی ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت کا پنڈی کی جانب مارچ کے اعلان کے وقت بھی میں نے اسے لیڈر بھبکی قرار دیا تھا کیونکہ بھلا اپنوں کے ہیڈ کوارٹر پر بھی احتجاج اور دھرنا کیسے دے سکتا ہے ویسے فارن فنڈنگکیس اور نیب نوٹس کے بعد تو پنجابی زبان کے اس مقولہ کہ (ہن، ہن خبرآئی ہے باجوہ ساڈا بھائی ہے) والی کیفیت طاری ہو گئی ہے، ایک اور سوال کے جواب میں حافظ حسین احمد نے کہا کہ 5 ارب روپے کی فراہمی کے لیے لندن کی گئی ٹیلی فونک کال کے ہرطرف چرچے ہی چرچے ہیں۔