لیزکی مدت ختم ہونے والے زمینوں کے معاملے پر بلا امتیاز کارروائی ہو گی
مریم نواز کے چاچو پاپا دونوں کی ٹی ٹیز نکل آئی ہیں
طریقہ واردات ایک جیسا تھا ہینڈلرز ضرور تبدیل ہوتے رہے
ساہیانوالی میں واگزار2330 کینال زمین پر سرگودھا یونیورسٹی کا کیمپس بنے گا
مشیر برائے ا حتساب کی اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں خطاب
اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے ا حتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ پنجاب میں لیزکی مدت ختم ہونے والے زمینوں کے معاملے پر بلا امتیاز قانونی کارروائی ہو گی، مریم نواز کے چاچو پاپا دونوں کی ٹی ٹیز نکل آئی ہیں، طریقہ واردات ایک جیسا تھا ہینڈلرز ضرور تبدیل ہوتے رہے ، ساہیانوالی میں واگزار2330 کینال زمین پر سرگودھا یونیورسٹی کا کیمپس بنے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پی آئی ڈی اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ ڈیلی میل کے خلاف شہباز کی جانب سے دائر ہتک عزت کا مقدمہ ابھی شروع ہوا ہے تو یہ جیت کیسے گئے اب یہ منی لانڈرنگ کی لندن سے مہر لگوا کر آئیں گے۔شہباز شریف نے ڈیلی میل پر ہتک عزت کا مقدمہ کیا ہوا تھا جس کی لندن میں سماعت تھی۔ انہوں نے مقدمے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے دعوی کیا تھا کہ وہ ڈیلی میل، ڈیوڈ روز، شہزاد اکبر اور عمران خان پر مقدمہ کریں گے، 75فیصد وعدہ ٹھس ہو گیا اور انہوں نے صرف ڈیلی میل اور ڈیوڈ روز پر مقدمہ کیا۔ڈیلی میل کو نوٹس بھیجا کہ آپ معافی مانگیں ورنہ ہم آپ کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجیں گے لیکن انہوں نے کہا کہ ہم اپنی خبر پر قائم ہیں، ہم معافی نہیں مانتے، کافی عرصہ گزرنے کے بعد انہوں نے عدالت میں مقدمہ دائر کردیا اور سب سے پہلے اس کی آن لائن سماعت کی گئی۔معاون خصوصی نے بتایا کہ اس سماعت میں ڈیلی میل کے وکلا نے کہا کہ پہلے یہ واضح کردیا جائے کہ ہمیں کس چیز کا جواب دینا ہے اور کس چیز کا جواب نہیں دینا، اس سماعت میں اس بات کا فیصلہ ہونا تھا کہ جب کوئی عام قاری اس بات کو پڑھتا ہے تو اسے کیا سمجھ میں آتا ہے، وہ کیا تاثر لیتا ہے اور عام آدمی نے کیا تاثر لیا۔ان کا کہنا تھا کہ جج نے کہا کہ عام آدمی نے آرٹیکل پڑھ کر یہ تاثر لیا کہ شہباز شریف اور ان کا خاندان کرپٹ سرگرمیوں اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہے اور دوسرا تاثر یہ دیا کہ شہباز شریف کے داماد علی عمران نے زلزلے زدگان کی امداد کے لیے آنے والے پیسوں میں مالی خوردبرد کی۔انہوں نے کہا کہ جج نے کہا کہ یہ آرٹیکل پڑھ کر یہ تاثر جاتا ہے کہ شہباز شریف اور ان کا خاندان منی لانڈرنگ میں ملوث ہے اور ان کے داماد نے رقم میں خوردبرد کی تو اگر ڈیلی میل اس خبر میں موجود مواد کو ثابت نہیں کر پاتا تو یہ ہتک عزت ہو سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی ٹرائل شروع ہونا ہے کہ لیکن یہ تاثر دیا گیا کہ جیسے شہباز شریف ڈیلی میل کے خلاف ہتک عزت کا کیس جیت گئے۔ تو شہباز شریف اور ان کے چاہنے والوں کے لیے عرض ہے کہ یہ درست رپورٹنگ نہیں تھی، شہباز شریف کا کیس شروع ہوا ہے تو یہ جیت کیسے گئے۔شہزاد اکبر نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ مریم نواز اور شہباز شریف کے خاندان کو ڈیلی میل پر اتنا غصہ کیوں ہے، بڑی واضح سی بات ہے کہ چاچو نے 7ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی ہے، اب یہ جاکر لندن سے اس پر مہر لگوا کر آ جائیں گے، ان پر احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ کی فرد جرم عائد ہو چکی ہے اور ان کی ضمانت لاہور ہائی کورٹ سے مسترد ہو چکی ہے، ان کے صاحبزادی اسی کیس میں سپریم کورٹ سے منہ کی کھا کے واپس آ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سادہ سے حقائق ہیں، شہباز شریف اور ان کے خاندان نے 7ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی، اس میں منظور پاپڑ والے جیسے لوگوں کے نام تھے جو کبھی لاہور سے آگے نہیں گئے ہوں گے وہ بظاہر دکھائے کہ انہیں لندن سے لاکھوں ڈالرز بھیج رہے ہیں، وہ دستاویزی ثبوتوں سے ثابت ہو چکا کہ وہ سب جعل سازی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ تین ملزمان اس مقدمے میں پلی بارگین کر کے ان کے خلاف سلطانی گواہ بن گئے ہیں اور ان کے داماد علی عمران نے بھی زلزلہ زدگان کے لیے برطانیہ سے بھیجے گئے فنڈ میں خوردبرد کی۔معاون خصوصی نے کہا کہ میں ایک مرتبہ پھر شہباز شریف کو پھر چیلنج کرتا ہوں کہ اگر آپ میں ہمت ہے تو لندن میں مجھ پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں، میں آپ کی خدمت میں حاضر ہو جاں گا۔انہوں نے بتایا کہ سیاسی سرپرستی کے حامل مافیا کے خلاف آپریشن کیا جس میں 210 ارب روپے کی سرکاری زمین بازیاب کرائی گئی اور اس سلسلے میں گرفتار 36 لوگوں سے 24 ارب روپے بازیاب کرائے گئے۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ مریم نواز کے نہ صرف چاچو بلکہ پاپا نے بھی منی لانڈرنگ کی ۔ سر شرم سے جھک جاتے ہیں جب خادم اعلیٰ کے خاندان کی منی لانڈرنگ کے شواہد دیکھتے ہیں ۔ مریم، چاچو اور پاپا دونوں کی بے عزتی کروا رہی ہے کیونکہ انکے پاپا کو سپریم کورٹ آف پاکستان اپنے تحریری فیصلے میںجھوٹا اور بددیانت قرار دے چکی ہے ۔شہباز شریف نے اپنی دوسری بیگم کے لیے عالیشان بنگلے خریدے اور پہلی زوجہ کے اکاؤنٹ سے رقم منتقل کی ۔ شہباز شریف کے ریفرنس کے حوالے سے تین افراد پلی بارگیننگ کرچکے ہیں اور سلطانی گواہ ہیں۔ مریم بی بی تمہارے چاچو اور پاپا کو بھگتنا پڑے گا ۔ دانیال عزیز کے خاندان کی لیز کے حوالے سے حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا ۔ 1960 ء میں کاشتکاری کے لیے انور عزیز نے پانچ اور دس روپے فی کنال زمین لیز پر لی اور یہ 2330 کنال زمین ہے۔ یہ لیز 20 سال کے لیے تھی 1980 ء میں ختم ہوگئی۔ 1981 ء میں مقدمہ بازی کا سلسلہ شروع ہوا 1990 ء میں دانیال عزیز کو دس سال کے لیے لیز پر مل گئی ۔ 2000 سے 2010 ء تک غیر قانونی قبضے کے حوالے سے کوئی کارروائی نہیں ہوئی کیونکہ سب کو معلوم تھا کہ یہ اس وقت کس کی گاڑی کے آگے ناچتے تھے اور اب کس کی گاڑی کے آگے ناچتے ہیں ۔ یہ زمین 2000 ء میں بحق سرکار چلی گئی تھی ۔ یہی وجہ ہے کہ ان پر چار کروڑ اسی لاکھ روپے تاوان کا جرمانہ لگا ۔ اگر یہ ناجائز تھا تو اسے چیلنج کیوں نہ کیا گیا ۔ 20 اکتوبر 2018 ء کو اسسٹنٹ کمشنر ساہیانوالی میں یہ زمین سرکاری تحویل میں لے لی 22 اکتوبر 2019 ء میں دانیال عزیز سپریم کورٹ میں یہ کیس ہار گئے تھے ۔ حقائق سے قوم کو آگاہ کر رہا ہوں 2330 کنال پر سرگودھا یونیورسٹی بنے گی ۔ اس حوالے سے حکومت نے فیصلہ کر لیا ہے چوہدری شوگر ملز کیس میں نواز شریف پر ٹی ٹیز ثابت ہوئی ہینڈلرز بدلتے رہے طریقہ کار ایک ہی تھا کالا دھن کو سفید کرنے کا ۔ ایک سوال کے جواب میں مشیر احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت اور صوبے میں غیر قانونی زمینوں کے حوالے سے بلا امتیاز کارروائی ہو گی ۔ کوئی بھی ہو جس کی بھی لیز ختم ہوئی ہے قانون کے مطابق جائزہ لیا جائے گا چاہے اسکا کسی بھی شعبے سے تعلق ہو بلا امتیاز کارروائی ہو گی جی بارہ میں تجاوزات ختم کرنے کے لیے قانون کے مطابق اقدامات کئے جائیں گے اگرچہ یہ انتہائی پیچیدہ معاملہ ہے ۔