سپریم کورٹ نے کرک مندر کی فوری تعمیر شروع کرنے کی ہدایت کردی
خیبرپختونخوا میں مندر کے معاملے پر کوئی ریکوری یا گرفتاری ہوئی ؟ چیف جسٹس گلزار احمد کا استفسار
مندر کے معاملے پر ریکوری نہیں ہوئی ،دوبارہ تعمیرکیلئے 3 کروڑ 41 لاکھ روپے منظور کر لیے ،وکیل متروکہ وقف املاک
حکم تھا کہ مندر جلانے والوں سے پیسے لیں تاکہ انہیں عبرت حاصل ہو،جسٹس اعجازالاحسن
مندر کی تعمیر کے لیے ٹینڈر کرنا ضروری ہے،ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا
اسلام آباد(ویب نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے کرک میں مشتعل افراد کی جانب سے جلائے گئے مندر کی فوری تعمیر کی ہدایت کردی ۔ پیر کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں اقلیتوں کے حقوق اور کرک میں مندر کو نذر آتش کرنے کے واقعہ سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت چیف جسٹس گلزار نے استفسار کیا کہ خیبرپختونخوا میں مندر کے معاملے پر کوئی ریکوری یا گرفتاری ہوئی؟۔وکیل متروکہ وقف املاک اکرام چوہدری نے بتایا کہ مندر کے معاملے پر اب تک کوئی ریکوری نہیں ہوئی جبکہ مندر کی دوبارہ تعمیرکے لیے 3 کروڑ 41 لاکھ روپے منظور کر لیے ہیں۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ حکم تھا کہ مندر جلانے والوں سے پیسے لیں تاکہ انہیں عبرت حاصل ہو، ایم این اے رمیش کمار نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ کرک کا علاقہ حساس ہے۔رمیش کمار نے کہا کہ کرک میں مندر کی تعمیر کا کام ہندو برادری کرے، مندر کی تعمیر پر اخراجات خیبرپختونخوا حکومت بعد میں واپس کرے گی۔ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے عدالت کو بتایا کہ قانون کے مطابق مندر کی تعمیر کے لیے ٹینڈر کرنا ضروری ہے۔چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ مندر کی فوری تعمیر شروع کریں اور اس کی ٹائم لائن بناکر عدالت کو آگاہ کریں۔جسٹس گلزار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ 28 مارچ کو پرلاب مندر ملتان کو ہولی کے تہوار کے لیے تیار کریں، چیئرمین متروکہ املاک وقف، چیف سیکرٹری اور آئی جی پرلات مندر کی سکیورٹی یقینی بنائیں۔