سینیٹ الیکشن کے حوالے سے عدالتی رہنمائی کا احترام کرینگے ،،شاہ محمود
سیاسی دکان چمکانے کیلئے اداروں پر تنقید اپوزیشن کا و طیرہ بن چکا ہے،بیان
اسلام آباد(ویب نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے عدالتی رہنمائی کا احترام کریں گے،سیاسی دکان چمکانے کیلئے اداروں پر تنقید اپوزیشن کا و طیرہ ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے مفادات ایک طرف ہیں اور ان کی سیاست دوسری طرف،اپوزیشن والے صرف لوٹ مار کا پیسہ بچانا چاہتے ہیں، ہم نے اپوزیشن کو چارٹر آف ڈیموکریسی کے مطابق موقع فراہم کیا، اپوزیشن بتا دے کہ ان کے مفادات، میثاق جمہوریت سے مطابقت نہیں رکھتے، ہم نے حزب اختلاف کو مذاکرات کی دعوت دی اور سپیکر چیمبر میں نشستیں بھی ہوئیں، پی ڈی ایم میں شامل کچھ عناصر سیاسی دکان چمکانے کیلئے اداروں پر تنقید کر رہے ہیں، اداروں پر بلاوجہ تنقید سے دشمن کے بیانیہ کی حمایت کی جا رہی ہے، پی ڈی ایم کے بعض لوگ بچگانہ بیانات دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ ہماری درخواست پر جو رہنمائی فرمائے گی ہم اس کا احترام کریں گے، آئینی تشریح کیلئے عدالت جانے اور آئین میں ترمیم کے دو ہی راستے تھے، ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی جمہوریت کا راگ الاپتے، اوپن ووٹنگ کا مطالبہ کرتے رہے، اب ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپنے وعدوں سے منحرف دکھائی دے رہے ہیں، وہ آج بھی کرپٹ پریکٹسز کو تحفظ دینا چاہتے ہیں، اپوزیشن کنفیوژن کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوج مغربی سرحد پر دہشتگردوں، بلوچستان میں امن دشمنوں سے برسرپیکار ہے، مشرقی سرحد پر انہیں آئے روز سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا سامنا ہے، فوج حکومت کیساتھ وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے کوآرڈینیشن اور معاونت میں مصروف ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ کوہ پیمائوں کی تلاش کے لیے پاک فوج اور حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، آئس لینڈ وزیر خارجہ سے بات ہوئی تھی ہم انہیں بھی باخبر رکھے ہوئے ہیں، بد قسمتی سے جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے ہم ناامیدی کی طرف جا رہے ہیں۔