اسلام آباد (ویب نیوز)

صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن  عابد زبیری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عدالتی حکم اور آئین و قانون کی دھجیاں اڑا رکھی ہیں، اگر عدالتیں اپنے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کرواسکتیں تو  عدالتوں کو تالا لگا دیں۔

صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ بار نے صرف قانون اور آئین کی بالادستی  کیلیے کام کیا، اس ملک میں شہدا کا خون شامل ہے انشا اللہ آئین اور قانون کی بالادستی ہوگی۔

عابد زبیری نے کہا کہ عہدہ ملتے ہیں مگر کچھ تاریخ چھوڑجاتے ہیں اور کچھ کے نام کوڑے دان میں چلے جاتے ہیں، نوے دن میں انتخابات کیلیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی اور فیصلہ ہوا مگر سپریم کورٹ کے فیصلے پر اب تک عملدرآمد نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اگر عدالتیں اپنے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کرواسکتیں تو عدالتوں کو تالا لگا  دیں، جج متحد ہوتے تو آج ایسا نہیں ہوتا اور یہی ان ججز کو میں کہتا رہا ہوں۔

عابد زبیری نے کہا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے مشکلات کے باوجود ملٹری کورٹس کیخلاف درخواست سپریم کورٹ میں دائرکی۔ انہوں نے کہا کہ  آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور ملٹری ایکٹ دونوں کو چیلنج کرنے جا رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے  کہا کہ الیکشن کمیشن نے عدالتی حکم اور آئین و قانون کی دھجیاں اڑا رکھی ہیں، الیکشن کمشنر پر آرٹیکل6 لگنا چاہیے تھا۔