سینیٹ انتخابات متنازع ویڈیو’ تحقیقاتی کمیٹی نے ٹی او آر بنالئے
انسانی حقوق کے وزیر کے دفتر کو سیکرٹریٹ بنانے، ویڈیو جاری کرنے والے صحافی کو مدعو کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(ویب نیوز) 2018کے سینیٹ انتخابات میں خیبر پختونخواکے ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت سے متعلق متنازع وڈیو کی تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی نے ٹی او آر بنالئے ہیں۔ہفتہ کو 2018 کے سینیٹ انتخابات میں ووٹوں کی خریداری کی تحقیقات کے لئے وزیر اعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین ، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری اور مشیر داخلہ شہزاد اکبر پر مشتمل کمیٹی نے ٹی او آر اور انسانی حقوق کے وزیر کے دفتر کو سیکرٹریٹ بنانے کا فیصلہ کیا۔کمیٹی نے میڈیا پر ویڈیو جاری کرنے والے صحافی کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ، اس کے علاوہ کمیٹی نے ان لوگوں سے یہ بھی درخواست کی کہ جن کو اس واقعہ کی پہلی معلومات ہے وہ اس کمیٹی کو تحریری طور پر یا ذاتی طور پر شیئر کریں۔واضح رہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی تحقیقات کرے گی کہ خریدے گئے ووٹوں سے فائدہ اٹھانے والے کون تھے اور جنہوں نے مبینہ طور پر ایم پی اے کے ووٹوں کی خریداری کے لئے رقم فراہم کی تھی۔ کمیٹی کارروائی کرنے کی سفارش کرے گی۔