الیکشن کمیشن کا 2 اپریل کو سینیٹ انتخابات کا اعلان

آئندہ ماہ 48نشستوں پر انتخابات ہونگے

تفصیلی  انتخابی شیڈول 14 مارچ کو جاری کیا جائے گا

29 جنرل ، 8 خواتین ، 9 علماء ٹیکنوکریٹ ، 2 غیر مسلموں کی نشستوں پر انتخابات ہوں گے ،  ترجمان

اسلام آباد ( ویب  نیوز)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 2 اپریل کو سینیٹ انتخابات کا اعلان کردیا گیا،  48نشستوں پر انتخابات ہونگے ۔ترجمان الیکشن کمیشن  کے مطابق  2018 میں منتخب ہونے والے 52 سینیٹرز اپنی 6 سالہ مدت پوری کرکے آج  12   مارچ کو ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ترجمان نے بتایا  ہے کہ سابق فاٹا سے منتخب 4 ارکان سینیٹ کی خالی ہونے والی نشستوں پر انتخاب نہیں ہوگا کیونکہ 2018 میں سابق فاٹا کے صوبہ خیبرپختونخوا کے انضمام کے بعد سینیٹ میں فاٹا کے لیے مختص نشستیں 25ویں آئینی ترمیم کے تحت ختم ہو چکی ہیں۔اس طرح  سینیٹ کی کل 48 نشستوں پر انتخابی عمل مکمل کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق تفصیلی  انتخابی شیڈول 14 مارچ کو جاری کیا جائے گا، جبکہ کاغذات نامزدگی  کا  الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اور صوبائی الیکشن کمشنرز پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے دفاتر سے اجراء شروع ہوگیا ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 15 اور 16 مارچ کو متعلقہ ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر میں جمع کروا سکتے ہیں جبکہ پولنگ 2 اپریل کو ہوگی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے نشستوں کی جاری تفصیلات کے مطابق چاروں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت میں 29 جنرل نشستوں پر انتخابات ہوں گے ، صوبوں میں خواتین کے لیے مختص 8 نشستوں پر  انتخابات ہوں گے ، ملک بھر میں 9 علماء ٹیکنوکریٹ کے لیے مختص نشستوں کے لیے  انتخابات ہوں گے جبکہ پنجاب سندھ سے خالی ہونے والی دو غیر مسلموں کی نشستوں پر انتخابات ہوں گے ، پنجاب اور سندھ میں 12 ، 12 خیبر پختونخوا بلوچستان میں 11,11 ارکان سینیٹ 2 اپریل کو منتخب کئے جائیں گے ۔ وفاقی دارالحکومت سے ایک جنرل اور ایک علماء ٹیکنوکریٹ کی نشست کے لیے الیکشن ہوں گے ۔