انٹراپارٹی انتخابات 5 فروری کو ہونگے ۔ترجمان پی ٹی آئی

دوفروری رات دس بجے تک کاغزات جمع ہوسکیں گے

نتائج کا باضابطہ اعلان 6 فروری 2024 بروز منگل کیا جائے گا ۔

اسلام آباد ( ویب  نیوز)

تحریک انصاف  نے  انٹراپارٹی انتخابات 5 فروری کو منعقد کروانے کا اعلان کرتے ہوئے  پارٹی ممبران  کے لئے  ‘رابطہ ایپلیکیشن انٹرا پارٹی الیکشن ماڈیول تیار کرلیا ۔ پی ٹی آئی کے وفاقی الیکشن کمشنر رؤف حسن نے اس حوالے سے باقاعدہ انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے۔پارٹی چیئرمین، مرکزی اور صوبائی تنظیموں کے انتخاب کے لیے  تحریک انصاف کے تمام رجسٹرد ممبران اپنی مرضی سے رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے۔ پینل یا چیئرمین کے امیدوار کے حق میں پاکستان بھر میں مختص مقامات پر ووٹ ڈال سکتے ہیں  جبکہ انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام پینلز کی تفصیل تحریک انصاف کی آفیشل ویب سائٹ اور رابطہ ایپلیکیشن پر دستیاب ہو گی ۔الیکشن کے تفصیلی طریقہ کار کی وضاحت الیکشن رولز، 2020 میں موجود ہے جو ویب سائٹ اور رابطہ ایپ پر دستیاب ہے ۔پولنگ کا وقت 5 فروری بروز پیر صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہو گا  جبکہ  الیکشن کے مقامات اور اپیلٹ ٹرائبینونل کی تاریخ کا اعلان یکم فروری 2024 کو کیا جائے گا ۔ نامزدگی فارم مرکزی سیکرٹریٹ میں جمع کیے جاسکتے ہیں اور یکم سے 2 فروری 2024 تک Insaf.pk سے ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔تحریک انصاف  کے  جاری کردہ انٹرا پارٹی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 1 سے 2 فروری 2024 تک تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ یا ویب سائٹ سے حاصل کیے جاسکیں گے ۔کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 فروری 2024 کی رات 10 بجے تک ہوگی، امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی مرکزی اور صوبائی سیکرٹریٹس اور ڈیجیٹلی بذریعہ ای میل بھی جمع کرا سکیں گے ۔انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام فائنل پینلز کی فہرستیں 4 فروری کی شام 4 بجے ویب سائٹ پر شائع کی جائیں گی  جبکہ شیڈول کے مطابق  انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج کا باضابطہ اعلان 6 فروری 2024 بروز منگل کیا جائے گا ۔