امریکی جمہوریت کمزور ہے،جو بائیڈن
حتمی ووٹنگ میں ٹرمپ پر جرم عائد نہیں ہوا تاہم جرم متنازعہ نہیں، امریکی صدر کا ردعمل
واشنگٹن(ویب نیوز)سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مواخذے سے بریت کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کمزور ہے۔امریکی صدر جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کی بریت کے بعد رد ِعمل کے اظہار میں کہا ہے کہ حتمی ووٹنگ میں ٹرمپ پر جرم عائد نہیں ہوا تاہم جرم متنازعہ نہیں۔جوبائیڈن کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی تاریخ کے اس افسوسناک باب سے یاد دہانی ہوئی کہ جمہوریت کمزور ہے۔واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر 6 جنوری کو امریکیوں کو اکسا کر کانگریس کی عمارت پر حملہ کرانے کا الزام تھا۔
جبکہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سینیٹ میں اپنے مواخذے سے بریت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ امریکا کو دوبارہ عظیم بنانے کا تاریخی اور خوبصورت لمحہ ہے، ابھی تو شروعات ہوئی ہے۔سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ آنے والے مہینوں میں اور بھی بہت کچھ بتانا ہے۔ماضی میں ٹرمپ نے مواخذے کو انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی تھی۔واضح رہے کہ مواخذے کا سامنا کرنے والے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سزا سے بچ گئے۔ امریکی سینیٹ نے سابق صدر کو بری کردیا،57 اراکین نے مجرم قرار دینے کے حق میں اور 43 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ 7 ری پبلکن اراکین نے سزا کے حق میں ووٹ دیئے۔