حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،سیکورٹی فورسز کاعلاقے میں سرچ آپریشن
حملہ ملک دشمن عناصر کا بزدلانہ عمل اور ملوث افراد کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا،وزیرداخلہ شیخ رشید احمد
کوئٹہ (ویب ڈیسک)
بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایف سی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے ہوشاب کے قریب قومی شاہراہ کی حفاظت کیلئے قائم فرنٹیئر کور بلوچستان کی چوکی پر دہشتگردوں نے حملہ کیا۔ فائرنگ سے سپاہی اسد مہدی شہید ہوگیا جس کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ ملک دشمن عناصر کا بزدلانہ عمل ہے اور ملوث افراد کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے شہید سپاہی کے لئے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کی سلامتی و بقا کو نقصان پہنچانے والے اپنے ناپاک عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے۔