ایم ڈی سوئی ناردرن گیس کا کرک اور پشاور کا اہم دورہ
مینجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس نے کمپنی ملازمین سے کسٹمر سروسز پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کرک اور پشاور کے جامع دورے کے اختتام پر خطاب میں کیا۔ ایم ڈی سوئی ناردرن گیس نے کھڑپا والو اسمبلی کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں وصول اور خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں تک ترسیل ہونے والی گیس سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ کھڑپا میں واقع والو اسمبلی صوبہ خیبر پختونخواہ میں گیس ڈسٹری بیوشن کے حوالے سے اہم ترین مرکز ہے۔ ایم ڈی سوئی ناردرن علی جے ہمدانی نے اسسٹنٹ کمشنر کرک اور ڈی ایس پی کرک سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گیس خسارے اور اس کے سدباب کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے ساتھ ساتھ علاقے میں گیس میٹرز کی تنصیب پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایم ڈی سوئی ناردرن نے پروجیکٹ کیمپ کا بھی دورہ کیا جس کے دوران انہیں جاری منصوبوں بشمول 473 کلومیٹر طویل کرک توسیعی اور بحالی منصوبے کے پہلے فیز پر بریفنگ دی گئی۔ ایم ڈی سوئی ناردرن گیس کو بتایا گیا کہ تمام تر دشواریوں کے باوجود منصوبے پر 70 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ مینجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس علی جے ہمدانی نے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل اور آغاز پر زور دیا۔ انہوں نے ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ خصوصاً گیس پیداوار کے علاقوں میں کسٹمر سروسز کو اہم ترین ترجیح تصور کریں۔ ایم ڈی سوئی ناردرن کا کہنا تھا کہ کسٹمر سروسز میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کمپنی کے اپنے وسائل سے تیارکردہ مختلف منصوبوں پر ملازمین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ایم ڈی سوئی ناردرن گیس علی جے ہمدانی نے پشاور ریجنل آفس میں کمپنی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے ریجنل انتظامیہ سے مختلف منصوبوں پرپیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔