چیئرمین نیب، عمران خان کو کھلا چیلنج ہے کرپشن ثابت کر کے دکھائیں
سینیٹ الیکشن میں چوری کے پیسے چلے، براڈ شیٹ سے متعلق عمران خان وضاحت دیں
نواز شریف تین مرتبہ کے وزیراعظم ہیں، کسی کو حق نہیں کہ انہیں پاسپورٹ نہ دیں،میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اورسابق شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ انصاف اور احتساب کا دہرا نظام نہیں چل سکتا، نام نہاد احتساب والے سن لیں ایک دن حساب ہوگا، چیئرمین نیب، عمران خان کو کھلا چیلنج ہے کرپشن ثابت کر کے دکھائیں، سینیٹ الیکشن میں چوری کے پیسے چلے، براڈ شیٹ سے متعلق عمران خان وضاحت دیں، نواز شریف تین مرتبہ کے وزیراعظم ہیں، کسی کو حق نہیں کہ انہیں پاسپورٹ نہ دیں۔ احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 2018 میں سینیٹ ووٹ خریدے گئے جس کی ویڈیو موجود ہے، 2018 میں پیسے لینے والے پی ٹی آئی کے ایم پی اے ہیں، پی ٹی آئی کے ایم پی اے کہتے ہیں وزیراعلی خیبرپختونخوا نے پیسے دیئے، ان کے ایم پی اے کہتے ہیں سپیکر کے گھر میں پیسے دیئے گئے، خیبرپختونخوا اسمبلی کے وہ سپیکر آج قومی اسمبلی کے سپیکر ہیں، الزام لگانے والے آج خودبے نقاب ہوگئے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین نیب نے کیا وہ ویڈیو نہیں دیکھی ؟ انصاف اور احتساب کا دہرا نظام نہیں چل سکتا، احتساب کرنیوالوں کا اپنا احتساب ہونا چاہیئے،نام نہاداحتساب والے سن لیں ایک دن حساب ہوگا۔ڈھائی سال مکمل ہو چکے، مقدمات کی حقیقت پورا پاکستان جانتا ہے، ہمارا کھلا چیلنج ہے چیئرمین نیب، عمران خان اور اس کے حواریوں کو کہ پانچ سال حکومت کی، کرپشن ثابت کر کے دکھائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضہ لیا ہے،جتنی کرپٹ حکومت آج ملک میں ہے تاریخ میں اتنی نہیں آئی جبکہ آج دوسروں پر الزام لگانے والے کٹہرے میں کھڑے ہیں،ہم اپوزیشن میں ہیں اور اپوزیشن کا کام خرابی کی نشاندہی کرنا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ نوازشریف پاکستان کے شہری اور 3 بارکے وزیراعظم ہیں، کسی کوحق نہیں کہ نوازشریف کاپاسپورٹ روکے، نوازشریف علاج کی غرض سے بیرون ملک گئے،انہوں نے کہاکہ براڈشیٹ سے متعلق عمران خان وضاحت دیں ،اس ملک کی آج اصل حقیت مہنگائی ہے۔