وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی بورڈ نے پی ٹی آئی سندھ کے اعتراضات مسترد کردیئے

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ نے پی ٹی آئی سندھ کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے وفاقی وزیر فیصل واوڈا اور سیف اللہ ابڑوکو جاری سینیٹ کا ٹکٹ برقرار رکھنے جبکہ نجی اللہ خٹک سے واپس لینے کا فیصلہ کیا ۔منگل کوبنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹ الیکشن کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم سمیت پارٹی رہنمائوں کے اعتراضات کا جائزہ لیا گیا جبکہ چاروں صوبوں میں ٹکٹوں کی تقسیم پر نظر ثانی کی گئی۔ اجلاس میں پارلیمانی بورڈ نے فیصل واوڈا کو دیا گیا ٹکٹ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں پی ٹی آئی سندھ کے اعتراضات مسترد کردیے گئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیصل واوڈا کی پارٹی کے لیے خدمات ہیں۔ پارلیمانی بورڈ نے فیصل واوڈا اور سیف اللہ ابڑو کو دیا ہوا ٹکٹ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ،پارلیمانی بورڈ نے خیبرپختونخوا سے لیاقت ترکئی کو پارٹی ٹکٹ دینے اور نجی اللہ خٹک سے ٹکٹ واپس لینے کا فیصلہ کیا ۔واضح رہے کہ تحریک انصاف خیبر پختونخوا نے نجی اللہ خٹک اور تحریک انصاف سندھ نے فیصل واوڈا اور سیف اللہ ابڑو کی نامزدگی پر اعتراضات اٹھائے تھے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی ملاقات کی ، اس موقع پر سیف اللہ نیازی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سینیٹ انتخابات اور سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر اعتراضات پر غور کیا گیا تھا۔