وکلا اسد اللہ اور راجہ زاہد محمود کو 26 فروری کو دوبارہ پیش کیا جائے،عدالت
لیاقت منظور کمبوہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 مارچ ، سردار نجم عباس اور محمد عمر3 مارچ، ظفر کھوکھر اور خالد محمود کے 4مارچ تک توسیع
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس بلاک پر حملے اور توڑ پھوڑ کے کیس میں گرفتار8 وکلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔گرفتار وکلا اسد اللہ، راجہ زاہد، لیاقت منظور کمبوہ، سردار نجم عباس، محمد عمر، ظفر کھوکھر اور خالد محمود کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت اسلام آباد میں پیش کیا گیا۔عدالت کی جانب سے گذشتہ روز گرفتار وکیل اسد اللہ کو 7 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیا گیا تھا۔عدالت نے حکم دیا کہ وکلا اسد اللہ اور راجہ زاہد محمود کو 26 فروری کو دوبارہ پیش کیا جائے۔عدالت نے گرفتار وکیل لیاقت منظور کمبوہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 مارچ تک توسیع کر دی۔انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے سردار نجم عباس اور محمد عمر کے جوڈیشل ریمانڈ میں 3 مارچ تک توسیع کر دی۔عدالت کی جانب سے سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ظفر کھوکھر اور خالد محمود کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4مارچ تک توسیع کی گئی۔