مزید شواہد کا جائزہ لے کر ضرورت کے مطابق کارروائی کرینگے:چیف الیکشن کمشنر،سماعت 9 مارچ تک ملتوی
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات2018ء ویڈیو سکینڈل کیس کے مزید شواہد جمع کرانے کیلئے (ن) لیگ کو مہلت دے دی ۔ پیر کو چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے سینیٹ انتخابات 2018 ء ویڈیو سکینڈل کیس کی سماعت کی۔ درخواستگزار مرتضیٰ جاوید عباسی وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے انکوائری اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں موجود لوگ اراکین اسمبلی ہیں، ویڈیو آنے کے بعد اراکین اسمبلی خیبرپختونخوا کو برا بھلا کہا جا رہا ہے ، پرویز خٹک اور اسد قیصر معاملے میں ملوث تھے، معاملہ ہارس ٹریڈنگ کے دائرے میں آتا ہے۔ممبر الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں بھی جن لوگوں نے ووٹ دیئے ان کے بارے میں کیا خیال ہے۔ ممبر الیکشن کمیشن الطاف ابراہیم نے کہا کہ باپ جیت جائے تو الیکشن شفاف اور بیٹا جیت جائے تو الیکشن میں دھاندلی ہوئی، یہاں کوئی بھی شکست ماننے کو تیار نہیں۔ الیکشن کمیشن نے سماعت 9 مارچ تک ملتوی کر دی۔