لاہور (ویب ڈیسک)

الیکشن ٹربیونل نے پرویز رشید کی اپیل مسترد کرتے ہوئے سینیٹ الیکشن کیلئے نا اہل قرار دے دیا۔ الیکشن ٹربیونل نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے بطور الیکشن اپیلیٹ ٹربیونل پرویز رشید کی سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔ لیگی رہنما پرویز رشید عدالت میں پیش ہوئے۔

پرویز رشید نے درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ ریٹرنگ آفیسر نے غیر قانونی طور پر کاغذات نامزدگی مسترد کیے، ریٹرنگ آفیسر کے اعتراض دور کرنے لیے تگ و دو کی لیکن اعتراض دور نہیں کیے گئے، الیکشن کمیشن کے اعتراض پر رقم جمع کرانے کے لیے تیار ہوں، الیکشن کمیشن نے قانون کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کئے۔

پاکستان مسلم لگ نون کے رہنما پرویز رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بے بنیاد الزام پر نااہل کیا گیا، سرکاری کاغذات میں مجھے نادہندہ ظاہر کیا گیا، انصاف والے اب دھند اور دھاندلی والے ہوگئے، پنجاب ہاؤس کی انتظامیہ انصاف والوں کی انتظامیہ ہے، کاغذات رکوانے ہوں تو کہتے ہیں پرویز رشید سے پیسے لینے ہیں۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ سینیٹ رکن بنوں یا نہیں ان کو بےنقاب کرتا رہوں گا، ڈسکہ میں ان کا چہرہ بے نقاب ہوا، میرے کیس میں بھی ہوگا، دھند اور انصاف والوں کی طرف سے رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔