تقریب وزیر اعظم ہائوس میں ہوئی، راجہ محمد فارو ق حیدرخان ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش ودیگر کی شرکت
ٹورازم پروموشن ایکٹ2019کے بعد آزادکشمیر کی تاریخ کا اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے، پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت سے سیاحت کو فروغ دیا جارہا ہے

مظفرآباد (ویب ڈیسک)

محکمہ سیاحت و آثارقدیمہ آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر اور پاک گلف کنسٹریکشن کمپنی ، الفیروزہاسپیٹیلٹی اورویلی ٹریکرز کے درمیان زمین و ریسٹ ہائوسز کی لیز کا معاہدہ طے پا گیا ۔ اس سلسلہ میں جمعرات کے روز یہاں وزیر اعظم ہائوس میں تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فارو ق حیدرخان ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش، سینئر ممبر بورڈ آ ف ریونیو فیاض علی عباسی ، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، سیکرٹری اطلاعات ، سیاحت و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد ،ڈائریکٹرجنرل سیاحت ارشاد احمدپیرزادہ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہرا قبال ودیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مفاہمت کی یادداشت پر سیکرٹری سیاحت محترمہ مدحت شہزاد ،پاک گلف کنسٹریکشن کمپنی کی طرف سے سردار الیاس، الفیروزہاسپیٹیلٹی کی طرف سے محمد خان اور ویلی ٹریکرز کی طرف سے محمد اویس نے دستخط کیے ۔ یہ معاہدہ ٹورازم پروموشن ایکٹ2019کے بعد آزادکشمیر کی تاریخ کا اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے جس کے تحت سیاحت کے فروغ کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت سے سیاحت کو فروغ دیا جارہا ہے ۔ معاہدے کے تحت پاک گلف کنسٹریکشن کمپنی کودارلحکومت مظفرآباد کے سیاحتی مقام پیر چناسی میں 150کنال اراضی لیز پر دی جائے گی جبکہ الفیروزہاسپیٹیلٹی کو سراں کے مقام پر 62کنال اراضی لیز پر دی جائے گی ،اسی طرح ویلی ٹریکرز کو دھیرکوٹ ریسٹ ہائوس لیز پر دیا جائے گا۔یہ فرمز ان علاقوں میں سیاحتی مراکزکا قیام اور موجودہ انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کریں گی جس سے سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا اور سیاحوں کو بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔ یاد رہے کہ حکومت آزادکشمیر نے سیاحت کے فروغ کیلئے سال2019کو سیاحت کے سال کے طور پر منایا جبکہ سیاحوں کی سہولت کیلئے ٹورسٹ پولیس کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے ۔اس طرح ٹورازم پروموشن ایکٹ اور ٹور ازم پالیسی بھی منظور کی گئی ہے جس سے سیاحت کے شعبہ میں مزید بہتری آئے گی اور ریاست کی آمدن میں اضافے کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر روزگار کے مواقعے بھی میسرآئیں گے۔