بمنہ، پلوامہ اور شوپیان میں تلاشیاں ، چھاپے، 3 کشمیر ی نوجوان گرفتار
سرینگر (ویب ڈیسک)
مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے ایل اوسی پر پا ک بھارت کے حالیہ جنگ بندی معائدے کے باوجود فوجی آپریشنز جاری ہیں ،کئی مقامات پر کریک ڈاون اور تلاشی کارروائیوں میں کئی کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے،کے پی آئی کے مطابق کنٹرول لائن پرپا ک بھارت کے حالیہ جنگ بندی معائدے کا اثر مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کے جاری آپریشنز پر نہ پڑسکا، وادی کے طول وعرض میں بھارتی فوج کے فوجی آپریشنز جاری ہیں ، سرینگر کے ہمدانیہ کالونی بمنہ میں شبانہ جبکہ پلوامہ اور شوپیان میں کئی دیہات کا محاصرہ کیا گیا اور تلاشیاں لی گئیں۔اس دوران پلوامہ میں 3 نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ،گذشتہ شام گئے قریب ساڑھے 9بجے 2آر آر ، سی آر پی ایف اور پولیس نے ہمدانیہ کالونی بمنہ کا محاصرہ کیا اور مخصوص رہائشی مکانوں کی تلاشی کاروائی شروع کی۔ رات دیر گئے تک یہ سلسلہ جاری تھا۔ اس دوران 55آر آر کے علاوہ پولیس ٹاسک فورس نے پلوامہ کے گلزارپورہ اور حجام محلہ پنگلنہ کی بستیوں کا صبح محاصرہ کیا۔ دوران محاصرہ مکانوں کی تلاشی کے علاوہ مشکوک مکینوں کے شناختی کارڈ چیک کئے گئے۔ تین گھنٹے کی کارروائی کے بعدمحاصرہ ختم کیا گیا۔ 44 آر آر اور ایس او جی پلوامہ نے دربگام پلوامہ میں شام ایک مخصوس محلے کا گھیرائو کیا اور تلاشی کارروائی عمل میں لائی۔اس دورانرئیس احمد میر ولد محمد اکبر نامی نوجوان کو گرفتارکیا گیا ۔ قصبہ یار میں بھی فوج اور پولیس نے ایک مشترکہ چھاپہ مار کاروائی کے دوران غلام احمد ولد فاروق احمد لون نامی شہری کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ دوران شب پلوامہ کے ہی اگلر کنڈی گائوں کو محاصرے میں لیکر عاقب احمد شاہ ولد عبدالغنی شاہ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ادھر وچی زینہ پورہ شوپیان کا شام قریب 7بجے محاصرہ کیا گیا اور تلاشیاں لی گئیں۔ 55آر آر کیساتھ پولیس بھی اس آپریشن میں شامل تھی۔