وزیرصحت پنجاب کی7 ہسپتالوں کے ایم ایس کو وارننگ
ہسپتالوں میں بدانتظامی ،ڈاکٹرزکی غیرحاضری برداشت نہیں کی جائیگی ،یاسمین راشد

لاہور(ویب  نیوز)
لاہور (صباح نیوز)وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے ایم ایس ڈی ایچ کیوہسپتال جھنگ، ایم ایس ٹی ایچ کیوہسپتال جڑانوالہ، ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال تاندلیانوالہ، ایم ایس ٹی ایچ کیوہسپتال سمندری،ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال اٹھارہ ہزاری ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ایم ایس ٹی ایچ کیوہسپتال گوجرہ کو کارکردگی بہتر کرنے کا آخری موقع دے دیا ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان یونس کو ناقص کارکردگی کے حامل ایم ایس حضرات کو وارننگ جاری کرنے کا حکم بھی دے دیا۔وزیرصحت کی ہدایت پرڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیر نے ڈی ایچ کیو جھنگ، ٹی ایچ کیو جڑانوالہ، ٹی ایچ کیو تاندلیانوالہ، ٹی ایچ کیو سمندری، ٹی ایچ کیو اٹھارہ ہزاری ، ڈی ایچ کیو ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ٹی ایچ کیو گوجرہ کے ہنگامی دورے کئے۔ہسپتالوں کے اچانک دوروں کے دوران صفائی ستھرائی، ادویات کی فراہمی، ڈاکٹروں کی حاضری، کورونا وائرس کے ایس او پیز، سکیورٹی انتظامات اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیاگیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزہسپتال جھنگ میں صفائی ستھرائی کے انتظامات اور انتظامی امور کو فوراً درست کیا جائے۔تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال جڑانوالہ میں سرجریز، سکیورٹی انتظامات، سی سی یو اور ڈاکٹرز کی حاضری کو بہتر بنایاجائے ۔تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال تاندلیانوالہ میں پارکنگ اور صفائی ستھرائی کے انتظامات اور کورونا وائرس کے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہاکہ تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال سمندری میں بلڈ بنک کو فعال جبکہ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے۔تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال اٹھارہ ہزاری میں بلڈبنک کو فعال جبکہ انتظامی امور میں بہتری لائی جائے۔ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کیا جائے۔تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال گوجرہ میں صفائی ستھرائی کے انتظامات اور انتظامی امور میں بہتری لائی جائے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر مختلف سرکاری ہسپتالوں میں اچانک دوروں کے ذریعے حالات کا جائزہ لیاجا رہا ہے۔کسی بھی سرکاری ہسپتال میں بدانتظامی، ڈاکٹروں کی غیرحاضری، مریضوں کے ساتھ ناروا سلوک یا ادویات کی عدم فراہمی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے کسی بھی مریض کو علاج معالجہ کی فراہمی میں مشکل پیش نہیں آنی چاہیے۔مریضوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنا ڈاکٹرز کے فرائض میں شامل ہے