اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیراعظم عمران خان نے ‘’کوئی بھوکا نہ سوئے’’ پروگرام کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت موبائل گاڑیوں کے ذریعے مخصوص مقامات پر کھانا فراہم کیا جائے گا۔
اس موقع پر اسلام آباد میں قائم ایک لنگر خانے میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ایم ڈی بیت المال نے وزیراعظم کو پروگرام پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے خود کھانا تقسیم کرکے پروگرام کا آغاز کیا۔ عمران خان کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غریب محنت کش کے لیے پناہ گاہ ایک نعمت ہے۔ مہنگائی کے زمانے میں کھانے کا وہ پیسہ بچا کر اپنے گھروں کو بھیجتے ہیں۔ اب غریب بستیوں میں موبائل گاڑیاں کھانا فراہم کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پناہ گاہوں میں لوگ مجبوری کے تحت آتے ہیں۔ پناہ گاہوں میں اچھا کھانا اور اچھے طریقے سے ان کیساتھ برتاؤ کرنا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پناہ گاہوں کے معیار کو خراب نہیں ہونے دینا، ہم نے غریبوں کا دھیان رکھنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں اس سے قبل ’’کوئی بھوکا نہ سوئے‘‘ جیسی چیزیں نہیں ہوئیں، جلد سارے پاکستان میں ٹرکوں کے ذریعے کھانا پہنچائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ بہت سارے مخیر حضرات اس پروگرام میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ جون میں احساس کا ایسا پروگرام لا رہے ہیں جس کے تحت مہنگائی کے دور میں براہ راست تین کروڑ خاندانوں کو سبسڈی دیں گے۔