اتصالات گروپ کے سی ای او حاتم د ویدار کا دورہ پاکستان
اسلام آباد (ویب نیوز ) اتصالات گروپ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے گروپ کے سی ای او حاتم دویدار کی سربراہی میں پاکستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے جمعرات کو ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن نے اتصالات کے وفد کا خیر مقدم کیا اور پاکستان میں ٹیلی کام کے شعبے سے متعلق معاملات پر بات چیت کی۔ سیکرٹری اانفارمیشن ٹیکنالوجی اور چیئرمین پی ٹی سی ایل بورڈ، شعیب احمد صدیقی، وزارت کے سینئر حکام اور پی ٹی سی ایل کی قیادت بھی ملاقات کے دوران موجود تھی۔دو نوں فریقین نے ملک میں ڈیجٹیلائزیشن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس وژن کے حصول کیلئے دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ”پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ رائٹ آف وے (ROW) پالیسی کی تشکیل کے بعد وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو تمام فورمز سے اس پالیسی کی منظوری لینے کے انقلا بی اقدام کا کریڈٹ جاتا ہے۔ پالیسی مطلوبہ شعبوں میں کام کرنے کیلئے فیس سٹرکچر کا تعین کرتی ہے۔ اسی طرح ٹیلی کام سہولیات کو ’اہم ترین انفرسٹرکچر‘ تصور کیا جائے گااور اس مقصد کیلئے کسی قسم کی رکاوٹ یا غیر ضروری مسائل پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ’کامن سروسز کوریڈور‘، ٹیلی کام انفرسٹرکچر کیلئے سیکورٹی، صحت کے اصولوں کے حوالے سے سیکورٹی اقدامات سمیت دیگر اہم ایشوز ’رائٹ آف وے (ROW) پالیسی‘ میں شامل کئے گئے ہیں اور تمام متعلقہ ایجنسیاں اور انتظامیہ اس پالیسی کی پابند ہوں گی۔ یہ ’ون ونڈو آپریشن‘ کی ہی ایک قسم ہے۔“
وفاقی وزیر نے کہا وفاقی کابینہ نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اورٹیلی کمیونیکشن کی سفارشات پر ٹیلی کام سیکٹر اور موبائل صارفین پر عائد مختلف بھاری ٹیکسوں میں بتدریج کمی کی منظور ی دی۔ یہ ایک بڑی کامیابی ہے جس سے نہ صرف صارفین کو براہ راست فائدہ پہنچے گا بلکہ ملک کے دور دراز علاقوں میں مواصلاتی رابطوں کویعنی ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کوپوراکرنے میں مدد ملے گی۔ مزیدبرآں، ایف بی آرنے کابینہ کے ٹیلی کام سیکٹر بمعہ سیلولر آپریشنز کو بطورصنعت درجہ بندی کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد سے اتفاق کر لیا ہے۔
حاتم دویدار، اتصالات گروپ سی ای اونے پاکستان میں ٹیلی کام مارکیٹ کی ترقی کیلئے مثبت اور ٹھوس اقدامات اٹھانے پر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے رائٹ آف وے (ROW) پایسی کے حوالے سے ان کی کوششوں کی خاص طور پر تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکشن انڈسٹری کے پاس بڑی صلاحیت موجود ہے اور ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے حصول کیلئے حکومت کی کوششیں حوصلہ افزاء ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، ”ٹیلی کام سیکٹر پر ٹیکس میں کمی سے صارفین اور ٹیلی کام آپریٹرز دونوں کو فائدہ ہوگا کیونکہ اس سے صارفین پر ٹیکس کا بوجھ کم ہوگا جبکہ ٹیلی کام آپریٹرز ان کے بنیادی ڈھانچے اور خدمات کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔“
وفد نے حکومت کے اشتراک سے شروع کئے جانے والے متعدد کامیاب منصوبوں پر حمایت کرنے پر وفاقی وزیر کا شکریہ اداکیا۔ملاقات کا اختتام مثبت اندازمیں ہوا اور پاکستان کے عوام کی خدمت کیلئے پی ٹی سی ایل اور اتصالات کی طرف سے عزم کا اعادہ کیا گیا۔