سینٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب آج ہوگا
نئے منتخب 48 ارکان سینٹ آج حلف اٹھائیں گے
اسلام آباد(صباح نیوز)پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا کے نئے منتخب 48 ارکان آج جمعہ کو حلف اٹھائیں گے جس کے بعد سینٹ خفیہ ووٹ کے ذریعے اپنے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کرے گا۔سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق نومنتخب اراکین کی حلف برداری کیلئے اجلاس جمعہ کی صبح ہو گا جس کے بعد یہ اجلاس ملتوی کر دیا جائے گا۔اجلاس ملتوی کئے جانے کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے کاغذات نامزدگی جمع کئے جائیں گے۔بعد میں شام کو اجلاس کی دوبارہ کارروائی کا آغاز ہو گا جس میں ایوان بالا کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کو منتخب کیا جائے گا،دستیاب ابتدائی فہرست کے مطابق 52 اپوزیشن کے ارکان،44 حکمران اتحاد جبکہ 4 سابقہ فاٹا کے ارکان کے ناموں کا اندراج ہے۔ اس ابتدائی فہرست کے مطابق حکمران اتحاد میں تحریک انصاف کے 26ارکان سینیٹ، بلوچستان عوامی پارٹی 12، ایم کیو ایم 3، مسلم لیگ (ق)1، جی ڈی اے 1اور 1 آزاد رکن سینیٹ شامل ہے۔ سابقہ فاٹا کے 4ارکان سینیٹ کا اندراج بھی کیا گیا ہے اس طرح اگر یہ 4 ارکان بھی حکومت کی حمایت کردیتے ہیں تو حکومت کے فی الحال حمایتی ارکان کی تعداد 48 بنتی ہے اپوزیشن کی عددی برتری کے بارے میں ابتدائی طورپر بتایاگیا ہے کہ جس کے مطابق پیپلزپارٹی 20، مسلم لیگ(ن)18، جے یو آئی ف5، نیشنل پارٹی2، پختونخوا عوامی پارٹی 2، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل 2، عوامی نیشنل پارٹی2 ، جماعت اسلامی کا1رکن سینیٹ شامل ہے۔ جماعت اسلامی نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ اپوزیشن کے 51 ارکان سینیٹ ہیں دوسری طرف حکومت کی حمایت میں 48ارکان سینیٹ ہیں تاہم یہ کہنا قبل ازوقت ہے کہ انتخابات کے موقع پر کیا صورتحال بنتی ہے،