کراچی :اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی مندی کا رجحان
کے ایس ای100انڈیکس43ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 911.92پوائنٹس کی کمی سے 42779.76پوائنٹس کی سطح پرآ گیا
کراچی(ویب نیوز) ملکی سیاسی افق پر غیر یقینی کیفیت کے باعث سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل چوتھے روز بھی مندی کارجھان دیکھا گیا جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس43ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 911.92پوائنٹس کی کمی سے 42779.76پوائنٹس کی سطح پرآ گیا جب کہ 86.02فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کوایک کھرب 84ارب41کروڑ11لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑاتاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی منگل کی کی نسبت 11.79فیصدزائد رہا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبارکا آغاز مثبت زون میں ہوا جس کے باعث ابتدائی اوقات میں انڈیکس 43892پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں ملک میں جاری سیاسی بے یقینی کی کیفیت کے باعث سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے باعث مارکیٹ میں مندی چھاگئی اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100 انڈیکس43ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 42689پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد میں معمولی ریکوری آئی اور42700پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی لیکن مجموعی طور پر مندی کا رجحا ن آخر تک غالب رہا اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 911.92پوائنٹس کی کمی سے 42779.76پوائنٹس پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس464.64پوائنٹس کی کمی سے 17861.20پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 665.47پوائنٹس کی کمی سے 29372.61پوائنٹس کی سطح پرآ گیا۔گزشتہ روزمجموعی طور پر408کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے47کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ351میں کمی اور10کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیںگرنے کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت78کھرب31ارب57کروڑ61لاکھ روپے سے گھٹ کر76کھرب47ارب16کروڑ50لاکھ روپے ہوگئی ۔قیمتوں میں اتار چڑھاو کے لحاظ سے سرفہرست کمپنیوں میںوائتھ پاک کے حصص کی قیمت 26.83روپے کے اضافے سے 935روپے اورمری بریوری کے حصص کی قیمت20روپے کے اضافے سے 560روپے ہوگئی جب کہ نیسلے پاکستان237.50روپے کی کمی سے 5710.50روپے اورسن ریزٹیکسٹائیل کے حصص کی قیمت81.75روپے کی کمی سے1008.25 روپے ہوگئی ۔