جے یو آئی کا مولانا عبدالغفور حیدری کو اپوزیشن کے 8 ووٹ نہ ملنے پر اظہار ناراضگی
پی ڈی ایم میں واضح اور دوٹوک بات کرنے کا فیصلہ،،متعلقہ ارکان کیخلاف سخت کارروائی کا موقف پیش کیا جائے گا، ذرائع
پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس کل منگل کو اسلام آباد میں ہوگا
اسلام آباد(ویب نیوز)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے پی ڈی ایم کے سابق امیدوار مولانا عبدالغفورحیدری کو اپوزیشن کے 8 ووٹ نہ ملنے کے معاملے پر جے یو آئی نے اتحاد میں جواب طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا، پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس کل منگل کو اسلام آباد میں ہوگا۔ اس معاملے پر دوٹوک واضح طورپر بات کی جائے گی، مطمئن نہ کیے جانے اور تسلی بخش جواب نہ ملنے پر جے یو آئی کوئی اہم فیصلہ کرسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کی اہم جماعت جے یو آئی میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار مولانا عبدالغفور حیدری کو اپوزیشن کے 8ووٹ نہ ملنے پر شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے۔ جے یو آئی ان ارکان کی نشاندہی کیلئے موثر تحقیقات اور سخت کارروائی کا موقف اختیار کیے ہوئے ہے۔ پی ڈی ایم کے قائدین سے ابتدائی طورپر اس بارے میں بات کی گئی ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے بھی بڑی جماعتوں کے سربراہان کو پارٹی کی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز ہنگامی بنیادوں پر مولانا فضل الرحمن نے محمد نواز شریف اور آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر رابطے کیے تھے۔ صورتحال پر انتہائی افسوس اور تشویش کا اظہار کیا۔ جے یو آئی متعلقہ ارکان سے متعلق ان جماعتوں کے دوٹوک واضح موقف کا مطالبہ کررہی ہے۔ پی ڈی ایم میں ان ارکان کی نشاندہی اورمولانا عبدالغفور حیدری کو ووٹ نہ دینے کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔ اس حوالے سے جے یو آئی میں اعلیٰ سطح پر مشاورت ہوئی ہے۔ پی ڈی ایم کو پارٹی کے موقف سے آگاہ کیا جائے گا۔یادرہے کہ سینیٹ میں میں اپوزیشن ارکان کی تعداد 53 ہے ،جماعت اسلامی چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں غیر جانبدار رہی۔ 52ارکان اپوزیشن سے تعلق رکھتے تھے ۔ مولانا عبدالغفور حیدری کو44ووٹ ملے اور حکومتی امیدوار کو 54ووٹ ملے۔ جے یو آئی 8ووٹ نہ ملنے پر انتہائی ناراض ہے اور متعلقہ ارکان کی ہر صورت نشاندہی کا مطالبہ کررہی ہے۔ ادھر پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس منگل16مارچ کو ہوگا۔ اجلاس مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ میں ہوگا۔