آزدی مارچ کے نام پر کسی کو بے حیائی کی اجازت نہیں دیں گے، حامد الحق حقانی
ایبٹ آباد،ہری پور(ویب نیوز)جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا حامد الحق حقانی نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں آزدی مارچ کے نام پر کسی این جی اووز کو فحاشی ،عریانی بے حیائی کی اجازت نہیں دیں گے، ہم تہذیب محمدیۖ پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلندرآباد ایبٹ آباد میں جامعہ صوت الاسلام اور ہری پور کلا بٹ جامعہ اہل بیت میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا حامد الحق نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے حکومت کو چاہیے کہ اسلام مخالف قوتوں کو کنٹرول کرے، ورنہ ہم قوت بازو سے روک دیں گے۔امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ مدارس دینیہ کی آبیاری کریں اور اپن نسل نو مستقبل روشن بنائیں۔پاکستان میں جمہوریت کے بت کے نام پر جو کھیل کھیلا جارہا ہے حال ہی میں سینٹ انتخابات میں قوم نے دیکھ لیا، بھیڑ بکریوں کی طرح بکنے والوں سے ملک کی ترقی کی امید رکھنا احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہے۔مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ ہم افغانستان میں پائیدار امن کے خواہاں ہیں، میرے شہید والد ہمیشہ فرمایا کرتے تھے کہ پاکستان میں امن کا قیام افغانستان میں امن قائم ہونے سے وابستہ ہے، انہوں نے تمام پڑوسی ممالک بالخصوص ہندوستان سے اپیل کی کہ وہ افغانستان میں مداخلت اور سازشیں بند کردیں، مولانا حامد الحق حقانی نے جامعہ صوت الاسلام میں طالبات کے والدین اور حفاظ کے اندر انعامات تقسیم کئے اس موقع پر مدرسہ کے مہتمم مولانا قاری سید یوسف شاہ ہزاروی نے مولانا حامد الحق حقانی کو یقین دلایا کہ وہ جمعیت علمائے اسلام کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور آپ کی قیادت میں مولانا سمیع الحق شہید کے مشن کو پورا کرکے دم لیں گے ۔