الیکشن کمیشن کو ڈسکہ کا الیکشن تو نظر آگیا لیکن سینیٹ میں جو کچھ ہوا وہ نظر نہیں آیا:عثمان بزدار
پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے 7ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کیا ہے،اشیاء خورونوش 2018ء کے ریٹ پر دستیاب ہونگی
عوام کی خدمت کرنے آیا ہوں اورعوام کی خدمت ہی میرا مشن ہے،صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں گے
جس طرح وفاق نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے، بجٹ میں صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں اسی طرح ریلیف دینگے
تحریک انصاف کی حکومت نے آتے ہی وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق قبضہ مافیا کے خلاف جنگ کا آغاز کیا
گزشتہ حکومت نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنائیں، سرکاری زمینوں پر قبضہ کرکے پٹرول پمپ اور سینما گھر، کمرشل پلازے، ویگن سٹینڈ بنائے
ہم نے آتے ساتھ ہی اداروں کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا اور خود مختار بنایا، تجاوزات اورقبضہ مافیاء کیخلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی
اب تک425ارب روپے کی ایک لاکھ44ہزار 439ایکڑاراضی قبضہ مافیاء سے واگزار کرائی گئی ہے
قیمتی سرکاری اراضی کو قبضہ مافیاء سے محفوظ بنائیں گے،قبضہ مافیاء سے اراضی واگزار کرنے کیلئے کریک ڈاؤن کا حکم دیدیا ہے
چیف سیکرٹری صاحب کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے جس میں انسپکٹر جنرل پولیس اورسینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بھی شامل ہیں
لاہور (ویب ڈیسک)
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے آتے ہی بلا امتیاز اور بلا تخصیص احتسابی عمل شروع کیا اوروزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق قبضہ مافیا کے خلاف جنگ کا آغاز کیا۔ تمام ریاستی اداروں نے بڑی جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قبضہ مافیا کی کمر توڑی۔گزشتہ حکومت نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنائیں۔ سرکاری زمینوں پر قبضہ کرکے پٹرول پمپ اور سینما گھر، کمرشل پلازے، ویگن سٹینڈ بنائے۔ اربوں روپے کی ٹیکس چوری،کنورژن فیس اور دیگر محصولات چوری کیے اور ملکی اداروں کی جڑیں کھوکھلی کرنے میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی۔ گزشتہ دور حکومت میں اداروں اور سیاستدانوں کے گٹھ جوڑ سے ملکی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان اُٹھانا پڑا۔وہ آج وزیراعلیٰ آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے آتے ساتھ ہی اداروں کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا اور خود مختار بنایااورانہی اداروں نے5 ارب روپے سے زائد مالیت کی سرکاری املاک اور زمینیں واگزار کرائیں۔ واگزار کرائی اراضی میں شہری اوردیہاتی علاقوں کی اربوں روپے کی لاکھوں ایکڑ اراضی شامل ہیں۔ ہماری حکومت تجاوزات اورقبضہ مافیاء کیخلاف زیروٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔اب تک425ارب روپے کی ایک لاکھ44ہزار 439ایکڑاراضی قبضہ مافیاء سے واگزار کرائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں قبضہ مافیاء سے اتنی زیادہ اراضی واگزار کرانے کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ تجاوزات اورقبضہ مافیاء کے خلاف آپریشن وقت کی اہم ضرورت ہے اوریہ آپریشن بلاامتیاز کیا جارہا ہے اورمستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ قیمتی سرکاری اراضی کو قبضہ مافیاء سے محفوظ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہی قبضہ مافیاء مختلف سرکاری محکموں کی زمینوں پر بھی سالہا سال سے قابض ہے۔ محکمہ اوقاف کی 90516 کنال اور محکمہ جنگلات کی 5997 ایکڑ اربوں روپے مالیت کی قیمتی زمین قبضہ مافیا کے زیر تسلط ہے۔ میں نے قبضہ مافیاء سے اراضی واگزار کرنے کیلئے کریک ڈاؤن کرنے کیلئے محکموں کے متعلقہ سیکرٹریزاور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔قبضہ مافیاء کے خلاف فوجداری کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ قبضہ مافیا کے خلاف یہ آپریشن ہماری جماعت پی ٹی آئی اور حکومت کے اہم ترین مقاصد میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری زمین واگزار کرانے کے بعد مزید مثبت مقاصد کیلئے استعمال کی جائے گی جو کہ عوام کی فلاح و بہبود پر مبنی ہوگی۔اس کام کیلئے چیف سیکرٹری صاحب کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے۔کمیٹی میں انسپکٹر جنرل پولیس اورسینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بھی شامل ہیں۔ انشاء اللہ پنجاب حکومت شب و روز محنت کرکے سرکاری زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کرائے گی۔ پنجاب میں اربوں روپے مالیت کی واگزار کرائی گئی زمین کو عوام کی فلاح و بہبود کے مقاصد کیلئے استعمال میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ کورونا کی تیسری لہر شروع ہوچکی ہے۔ مریضوں کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے۔احتیاط کی بے حد ضرورت ہے۔ماسک پہننا سب کے لئے ضروری ہے۔شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ سب سے پہلے عزیز ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کیلئے 114سینٹرزقائم کیے گئے ہیں۔بزرگ شہریوں کو سینٹرز میں ہر طرح کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے 7ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کیا ہے۔رمضان بازاروں میں پھل،سبزیاں اور اشیاء خوردونوش 2018ء کے ریٹ پر دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ڈسکہ کا الیکشن تو نظر آگیا لیکن سینیٹ میں جو کچھ ہوا وہ نظر نہیں آیا۔میرے خلاف شروع دن سے ہی پراپیگنڈا ہورہا ہے۔میں اپنے کام سے کام رکھتا ہوں۔مخالفین کی تنقید برائے تنقید کی کوئی پرواہ نہیں۔عوام کی خدمت کرنے آیا ہوں اورعوام کی خدمت ہی میرا مشن ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں گے۔جس طرح وفاق نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے،بجٹ میں صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں اسی طرح ریلیف دیں گے۔چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اورپرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ بھی اس موقع پر موجود تھے۔