افغان امن عمل پر تبادلہ خیال ،سیاسی حل اور امن کی کوششوں میں تیزی لانے کے لئے مطالبے کا اعادہ
طالبان کے حملوں میں 3 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد ہلاک
کابل (ویب ڈیسک)
امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کابل میں افغان صدر اشرف غنی اور افغان مفاہمتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ سے ملاقات میں افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق زلمے خلیل زاد قطر میں طالبان سے ملاقات کے بعد گزشتہ روز کابل پہنچے، جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی ،قومی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی۔زلمے خلیل زاد نے افغان صدر کیساتھ امن عمل سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ ملاقات میں زلمے خلیل زاد کیساتھ امن عمل، نئے اقدامات، تازہ ترین سیاسی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا، سیاسی حل اور امن کی کوششوں میں تیزی لانے کے لئے مطالبے کا اعادہ بھی کیا گیا، دوسری طرف فغانستان میں 2 مختلف واقعات میں طالبان نے حملہ کرکے 3 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد کو ہلاک کردیا۔افغان میڈیا کے مطابق صوبے ہیرات میں ڈیم کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں پر مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے، حکام کے مطابق حملہ طالبان کی جانب سے کیا گیا تاہم طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ ترجمان صوبائی گورنر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کا تعاقب کیا اور مقابلے کے نتیجے میں 5 طالبان مارے گئے، تمام افراد ڈیم پر حملے میں ملوث تھے۔دوسرا واقعہ صوبے بغلان میں پیش آیا جہاں یونی ورسٹی کی بس پر فائرنگ کے نتیجے میں طالب علم سمیت بس ڈرائیور ہلاک جب کہ دیگر 6 افراد زخمی ہوگئے، بس میں 25 افراد سوار تھے جن میں لیکچرار اور طالب علم شامل تھے۔ پولیس حکام نے حملے میں طالبان کو ملوث قرار دیا ہے.