صنعتی شعبے کیلئے ریسرچ کو فروغ دینے کیلئے آئی سی سی آئی اور نسٹ یونیورسٹی کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ
اکیڈمیا انڈسٹری مضبوط روابط قائم کر کے صنعتی شعبے کے مسائل کو بہتر حل کیا جا سکتا ہے۔ سردار یاسر الیاس خان
نسٹ کے طلبا نیشنل اور انٹرنیشنل اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری
اسلام آباد (ویب نیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) نے صنعتی شعبے کیلئے مشترکہ طور پر ریسرچ پراجیکٹس پر کام کرنے کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے۔ اس سلسلے میں نسٹ یونیورسٹی میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان اور نسٹ یونیورسٹی کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری نے معاہدے پر دستخط کیے۔آئی سی سی آئی کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظم، نائب صدر عبدالرحمٰن خان، نسٹ کی جنرل منیجر پلیسمنٹ محترمہ عروبہ گیلانی، عمر حسین، عمیس خٹک اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر کے دونوں اداروں نے ایسے مشترکہ ریسرچ منصوبوں پر کام کرنے پر اتفاق کیا جس سے صنعتی شعبے کے اہم مسائل کو حل کرنے اور صنعتی کارکردگی کو بہتر بنانے میں سہولت ہو۔ دونوں اداروں نے مشترکہ طور پر ایسی ورکشاپس، سیمینارز اور پروگرام منعقد کرنے پر اتفاق کیا جن سے آئی سی سی آئی کی ممبر کمپنیوں کو اپنے کاروبار کو بہتر فروغ دینے میں سہولت حاصل ہو۔ آئی سی سی آئی اپنی ممبر کمپنیوں میں نسٹ کے طلباء کو انٹرنشپ اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے میں تعاون کرے گا جبکہ نسٹ آئی سی سی آئی کی ممبر کمپنیوں کو اپنے جاب فیئرز، سیمینارز، ورکشاپس اور تربیتی پروگراموں سمیت دیگر اہم پروگراموں میں مدعو کرے گی تا کہ ان کمپنیوں کی کاروباری استعداد کار میں اضافہ ہو اور وہ بہتر انداز میں اپنے کاروبار کو فروغ دے سکیں۔
سردار یاسر الیاس خان نے بطور مہمان خصوصی نسٹ جاب فیئر کا افتتاح بھی کیا۔جاب فیئر میں حبیب بینک لمیٹڈ، این ایل سی، ڈالینس، آئیبیکس، انٹیک اور دیگر بہت سی کمپنیوں نے شرکت کی تا کہ وہ اپنے ادارے کی ہیومین ریسورس کی ضروریات کو پورا کرنے اور کاروبار کو فروغ دینے کیلئے نسٹ کے طلبا کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے امکانات کا جائزہ لیں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ صنعتی شعبے کی بہتر ترقی کیلئے مضبوط انڈسٹری اکیڈمیا روابط کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں چونکہ جدید تحقیق و ترقی کے منصوبوں پر کام کرتی ہیں لہذا وہ صنعتی شعبے کے مسائل کا بہتر نکالنے اور صنعتوں کی کارکردگی کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں تاکہ صنعتی شعبہ ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار کر کے برآمدات کو بہتر فروغ دے سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی سی سی آئی اور نسٹ کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ صنعتی شعبے اور یونیورسٹیوں کے مابین پائیدار تعلقات استوار کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چیمبر نسٹ کے طلباء کو مقامی صنعتوں میں انٹرنشپ اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے میں تعاون کرے گا۔
نسٹ کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی یونیورسٹی اپنے طلبا کو اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کرنے اور طلبا کی بہترین صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے تا کہ مشہور کاروباری ادارے ملازمت کے مواقع فراہم کرتے وقت ان کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ نسٹ کے فارغ التحصیل طلبا اس وقت یونی لیور، پراکٹر اینڈ گیمبل، ایل اوریل،فیلپس مورس انٹرنیشنل، میتسوبیشی کارپوریشن، نیسلے، ریکٹ بینکیزر، پیپسی، جاز اور یوفون سمیت متعدد انٹرنیشنل اور نیشنل کمپنیوں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نسٹ جاب فیئر کے انعقاد کا مقصد مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں وہ اپنی ضرورت کے مطابق بہترین ٹیلنٹ کو منتخب کر سکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی سی سی آئی اور نسٹ کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ صنعتی شعبے اور اکیڈمیا کے گیپ کو کم کرنے اور ان کے مابین مضبوط روابط قائم کرنے میں معاون ثابت ہو گا جس سے سب کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔