سرگودھا (ویب نیوز)

سرگودھا یونیورسٹی اور سائوتھ چائنہ ایگریکلچر یونیورسٹی، چائنہ کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے پر دستخط وائس چانسلر سرگودھا یو نیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور سائوتھ چائنہ ایگریکلچر یونیورسٹی کے صدر پروفیسر لی یانگ نے کیے۔ معاہدے کے مطابق دونوں فریقین تعلیم، تحقیق، تدریس، تربیت،استعدادِ کار میں اضافہ سمیت مشترکہ مفادات کے حامل دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔ معاہدے کے تحت فیکلٹی، طلبہ ،محققین، ماہرین اور دیگر ٹیکنیکل سٹاف کا باہمی تبادلہ کیا جائے گا۔سرگودھا یونیورسٹی میں قائم کنفیوشیس انسٹی ٹیوٹ کے ذریعے دو طرفہ ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ طلبہ میں ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔ مشترکہ تحقیقی منصوبوں کیلئے سہولت کاری کی جائے گی۔ ریسرچ سنٹرزقائم کر کے نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کاوشیں بھی معاہدے کا حصہ ہیں۔ اسی طرح مختصر دورانیہ پر مشتمل کورسز کا بھی اجراء کیا جائے گا،سپیشلائزڈ ٹیچنگ اینڈ لرننگ کو بڑھوتری دینے کیلئے شارٹ ٹرم سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ دونوں جامعات کے نوجوان محققین اور پوسٹ ڈاکٹریٹ طلبہ کیلئے فیلوشپ کا بھی اجراء کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں دونوں جامعات جوائنٹ ایگریکلچرریسرچ انسٹیٹیوٹ کے قیام کیلئے اقدامات کریں گی۔