سہولت بازاروں میں کسان پلیٹ فارم بھی لگائے جائینگے،یہ بازار سال کے 365دن فنکشنل رہیں گے:عثمان بزدار
کسان پلیٹ فارم کے ذریعے کاشتکار اشیاء براہ راست فروخت کرسکیں گے،اتھارٹی صوبے میں 400سے زائد سہولت بازار قائم کریگی
سہولت بازاروں میں آٹااوردیگراشیاء ضروریہ نوٹیفائیڈ ریٹ پر دستیاب ہوں گی،عوام کو مہنگائی سے حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا
سہولت بازار اتھارٹی صوبہ بھر میں سہولت بازاروں کے قیام کو یقینی بنائیگی،سہولت بازاروں کا دائرہ کار ہر ضلع اورہر تحصیل تک بڑھایا جائیگا

لاہور (ویب ڈیسک)

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے اور مستقل ریلیف دینے کیلئے احسن اقدام کے تحت پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی ختم کر کے پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار اتھارٹی کے پیٹرن انچیف اور صوبائی وزیر صنعت چیئرپرسن ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سہولت بازاروں میں کسان پلیٹ فارم بھی لگائے جائیں گے اورکسان پلیٹ فارم کے ذریعے کاشتکار اپنی اشیاء براہ راست فروخت کر سکیں گے۔ سہولت بازار اتھارٹی صوبہ بھر میں سہولت بازاروں کے قیام کو یقینی بنائے گی۔سہولت بازاروں کا دائرہ کار ہر ضلع اورہر تحصیل تک بڑھایا جائے گا۔یہ بازار سال کے 365دن فنکشنل رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ سہولت بازاروں کے قیام سے عوام کو مہنگائی سے نجات ملے گی اورحقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا۔اتھارٹی صوبہ بھر میں 400سے زائد سہولت بازار قائم کرے گی۔سستے سہولت بازاروں میں آٹااوردیگراشیاء ضروریہ نوٹیفائیڈ ریٹ پر دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ سستے سہولت بازاروں میں اشیاء ضروریہ سرکاری نرخوں پر ملیں گی۔عوام کو ریلیف دینے اورپرائس کنٹرول کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔وزیراعلیٰ عثما ن بزدارنے سستے سہولت بازاروں کے قیام کیلئے اضلاع میں اراضی کی نشاندہی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو کچھ ممکن ہوا وہ کرتی رہے گی۔ عوام کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے۔ عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں سہولت بازار اتھارٹی کے قیام اور سہولت بازاروں کا دائرہ کار بڑھانے کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری،سیکرٹری صنعت،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔