لاہور (ویب ڈیسک)
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بوندا باندی اور سرد ہوائیں چلنے سے خنکی بڑھ گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل چھا گئے۔ صوبائی دارالحکومت کے علاقوں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک ،ڈیوس روڈ ،گڑھی شاہو میں آج صبح ہلکی بارش ہوئی۔ انارکلی، مال روڈ، جیل روڈ ،گلبرگ ،جوہرٹاون، فیروز پور روڈ، ٹھوکر اور اسلامپورہ میں بونداباندی اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے خنکی لوٹ آئی۔ پنجاب کے دیگر شہروں میاں چنوں، چشتیاں، رینالہ خورد، جھنگ، شورکوٹ، احمد پور شرقیہ سمیت علاقوں میں بھی بارش سے درجہ حرارت میں گر گیا۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بارش کا موجودہ سلسلہ 3 روز تک جاری رہے گا، بارش کا یہ سسٹم 2 حصوں پر مشتمل ہو گا جس کی شدت شمالی و مغربی علاقوں میں موسلادھارپنجاب معتدل سے تیز اور سندھ بلوچستان میں معتدل ہو گی-
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 64 فی صد ریکارڈ کیا جائے گا۔