لندن (ویب ڈیسک)
لندن میں کورونا پابندیوں کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ شہریوں نے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی، پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے، 35 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔
کورونا پابندیوں کے خلاف لندن والے سڑکوں پر آ گئے، ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین وسطی لندن میں جمع ہو گئے۔ لوگوں نے ہائیڈ پارک سے ویسٹ منسٹر تک مارچ کیا۔ شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے دوران متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
خاتون پولیس اہلکاروں اور خواتین مظاہرین کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی،35 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ 60 سے زائد اراکین پارلیمنٹ نے بھی لاک ڈاؤن کے دوران پرامن مظاہروں کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے احتجاج میں شرکت کرنا اب بھی غیر قانونی ہے۔