ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا
وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ چاروں صوبوں میں 21/21 توپوں کی سلامی
مزارقائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی سادہ اور پروقار تقاریب منعقد کی گئیں
اسلام آباد( ویب نیوز)ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا ،یوم پاکستان کے تاریخ سازموقع پر توپوں کی سلامی سے دن کا آغازہوا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21/21 توپوں کی سلامی دی گئی ، اس موقع پر فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی ۔ اہل وطن نے نماز فجر میں اللہ تعالی کے حضور سجدہ ریز ہو کر ملک کی سلامتی، بقا اور تحفظ کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ مساجد میں تحریک پاکستان میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کرائی گئی،دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا، تمام بڑی سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیا۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے ہر سال شکر پڑیاں گرائونڈ اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ کا انعقاد ہوتا ہے تاہم اس مرتبہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے روایتی پریڈ 25مارچ کو ہو گی ۔یوم پاکستان پر اسلام آباد میں ایک تصویر ی نمائش منعقد کی گئی ۔مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی اور پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ مہمان خصوصی ائیر وائس مارشل ندیم اختر خان نے مزار اقبال پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثریات درج کئے ، گارڈز نے مہمان خصوصی کو سلامی دی اور گارڈ آف آنرپیش کیا ۔گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کابینہ اراکین بھی تھے۔ ملک بھر میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقاریب ، سیمینارز اورکانفرنسز کا انعقاد کیا گیا۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے سرکاری و نجی ٹی وی اور ریڈیو چینلز سے خصوصی دستاویزی پروگرام نشر کیے گئے۔