کراچی (ویب ڈیسک)
کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے کراچی کے ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی نے تین سب ڈویژنز کے مختلف علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈوان نافذ کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاون کا نفاذ 6 اپریل تک ہوگا۔ مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد کی یوسیز و یونٹس میں لگایا گیا، لاک ڈاؤن ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی پر لگایا گیا، متاثرہ علاقوں میں آنے اور جانے والے تمام افراد کو ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا۔
متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری آمدورفت، ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، کاروباری، صنعتی سرگرمیوں اور اجتماعات پر پابندی ہوگی، متاثرہ علاقوں کے کورونا مثبت افراد گھروں میں قرنطینہ رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق متاثرہ علاقوں کے مکین ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلہ رکھیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 30 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 965 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 37 ہزار 42 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 301 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 2 ہزار 743، سندھ میں 2 لاکھ 63 ہزار 664، خیبر پختونخوا میں 81 ہزار 204، بلوچستان میں 19 ہزار 374، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 975، اسلام آباد میں 53 ہزار 136 جبکہ آزاد کشمیر میں 11 ہزار 946 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 98 لاکھ 95 ہزار 515 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38 ہزار 282 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 86 ہزار 228 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 564 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 30 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 13 ہزار 965 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 48، سندھ میں 4 ہزار 482، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 238، اسلام آباد میں 552، بلوچستان میں 203، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 339 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔