کراچی (ویب ڈیسک)
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہندو برادری کے تہوار ہولی کے موقع پر ہندو ملازمین کو ایڈوانس تنخواہ دینے کی ہدایت جاری کردی ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ ثقافت، محکمہ صنعت اور محکمہ داخلہ کی اے ڈی پی 21-2020 کا جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس کے دوران مراد علی شاہ کی جانب سے تمام ہندو برادری کو ہولی کی مبارک باد دیتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ ڈسٹرکٹ کونسلز ہولی پر ہندو ملازمین کو ایڈوانس تنخواہ اور پینشن ادا کریں۔اجلاس میں وزیر ثقافت سردار شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ودیگر افسران شریک ہوئے۔ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق اجلاس کے دوران سید مراد علی شاہ کی جانب سے 188.2 ملین روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ، فنڈز سے کے ایم سی ملازمین کی تنخواہیں اور پینشنز دی جائیں گی، سندھ کی 23 ڈسٹرکٹ کونسلز کو بھی 261 ملین روپے جاری کردیے گئے ہیں۔اجلاس کے دوران وزیر ثقافت سردار شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو سکیموں کی پروگریس سے متعلق بریفنگ دی۔بریفینگ کے دوران وزیر ثقافت سردار شاہ نے کہا کہ گورکھ ہل پر سمر ریزورٹ تعمیر کیا جارہا ہے، ریزورٹ پر 3 بلین روپے کا پروجیکٹ ہے جبکہ 88.9 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کو اجلاس کے دوران بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ محکمہ ثقافت، سیاحت اور نوادرات کی 44 سکیمیں ہیں جبکہ ان 44 سکیموں کے لیے اس سال 832 ملین روپے فنڈز رکھے گئے تھے اور 6جاری اسکیموں کے لیے 67.34ملین روپے مختص تھے، 33.373روپے خرچ ہوچکے ہیں۔بریفنگ کے دوران مزید بتایا گیا کہ محکمہ ثقافت کی 4سکیموں کے لیے 177.280ملین روپے 3 قسطوں میں جاری کیے گئے جبکہ سندھ حکومت نے مارچ تک 849ملین روپے جاری کر دیئے ہیں۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ محکمہ ثقافت اپنی 44اسکیمیں مکمل کریں، حکومت نے فنڈز جاری کردیئے ہیں، جون تک ان سکیموں کو مکمل کر کے بجٹ بک سے نکال دیں۔