وزیراعلی پنجاب نے ایمبولینس گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کا عطیہ کرنے پر ڈبلیو ایچ او کا شکریہ ادا کیا
کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں متحد اور یکساں ہوکر کاوشیں کرنا ہوں گی،عثمان بزدار

لاہور (ویب ڈیسک)

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے صوبہ پنجاب کے لیے8 ایمبولینس گاڑیوں اور 15موٹرسائیکلوں کا عطیہ دیا گیا۔ اس ضمن میں وزیراعلی آفس میں ایمبولینس گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پنجاب حکومت کے سپرد کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ڈبلیو ایچ او کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر الپتھاماہی پالا نے ایمبولینس گاڑیوں کی چابیاں پیش کیں۔ ایمبولینس گاڑیاں کورونا وائرس کے مریضوں کو اسپتال اور قرنطینہ سینٹرز منتقل کرنے کے لیے استعمال کی جائیں گی جبکہ معمر شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کے لیے بھی ایمبولینس استعمال کی جاسکے گی۔ وہ مریض جو نقاہت کے باعث ہسپتال نہیں آسکیں گے ایمبولینس ان کے گھر تک پہنچے گی جبکہ موٹر سائیکل کے ذریعے کورونا ٹیسٹ کے سیمپل لیبارٹری پہنچائے جاسکیں گے۔ ایمبولینس میں آکسیجن، دیگرآلات، ٹیسٹ سیمپل لے جانے کے لیے آئس باکس بھی موجود ہوں گے، لاہور ایئرپورٹ پر کورونا وائرس کے مریضوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس موجود ہوگی۔ واہگہ بارڈر پر سرحدپار سے آنیوالے مریضوں کو ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا جاسکے گا۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے ایمبولینس گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کا عطیہ کرنے پر ڈبلیو ایچ او کا شکریہ ادا کیا۔عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں متحد اور یکساں ہوکر کاوشیں کرنا ہوں گی۔