ایس او پیز پرعملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، انتظامی و پولیس افسران ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں
کورونا کی تیسری لہر خطرناک، تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں،عوام کے تعاون سے ہی کورونا پر قابوپایا جا سکے گا
لاہور (ویب ڈیسک)
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا کی موجودہ صورتحال اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے آج ملتان سے ویڈیولنک کے ذریعے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی – اجلاس میں پنجاب میں کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال اور حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا- اجلاس میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے انسداد کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ایس او پیز پرعملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی – انتظامی و پولیس افسران عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں – عوام کی صحت کے پیش نظر تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں – کورونا کی تیسری لہر خطرناک ہے اورعوام کے تعاون سے ہی کورونا پر قابوپایا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ شہری باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے2330 نئے مریض سامنے آئے اور کورونا کے43 مریضوں کا انتقال ہوا جبکہ پنجاب میں اب تک کورونا کے6188 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں -پنجاب میں کورونا کے ایکٹومریضوں کی تعداد 21311 ہو چکی ہے – پنجاب میں گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کورونا کے 16473ٹیسٹ کئے گئے اور پنجاب میں اب تک 3735705کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں – وزیر اعلی عثمان بزدار کو چیف سیکرٹری نے پنجاب میں کورونا کی صورتحال اور حفاظتی اقدامات پر بریفنگ دی-اجلاس میں چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ومیڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی –