اسلام آباد (ویب نیوز )
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو آج رات مزید 5 لاکھ کورونا ویکسین مل جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سیںٹر کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ روز 5 لاکھ 60 ہزار کوروناویکسین وصول کی گئیں، آج رات مزید 5 لاکھ ویکسین مل جائیں گی۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ آج این سی او سی میں ویکسین سےمتعلق انتظامات کا جائزہ لیاگیا، صوبے کودستیاب ویکسینیشن کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کی ہے، ہدایت دستیاب ویکسین پوری طرح سے استعمال کرنے کے لیے کی گئی۔
یاد رہے وفاقی حکومت نےصوبوں کو کورونا ویکسین کی نئی کھیپ فراہم کردی ہے،صوبوں کو مجموعی طور پر سائنو فارم اور کین سائنو کی چار لاکھ 52 ہزار ڈوز فراہم کی گئی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کو سب سے زیادہ ایک لاکھ 80 ہزار سائنو فارم ، 20 ہزار کین سائنو ڈوزز ، سندھ کو ایک لاکھ سائنو فارم، 12 ہزار کین سائنو ویکسین، خیبرپختونخوا کو 50 ہزار سائنو فارم اور 9 ہزار کین سائنو ڈوزز فراہم کی گئیں، اسی طرح بلوچستان کو سائنو فارم کی 20 ہزار اور کین سائنو کی تین ہزار ڈوزز فراہم کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو سائنو فارم کی 20 ہزار جبکہ کین سائینو کی تین ہزار ڈوزز فراہم کی گئیں،اسی طرح آزاد کشمیر کو سائنوفارم کی 20 ہزار اور 3 ہزار کین سائنو ڈوزز فراہم، گلگت بلتستان کو 10 ہزار سائنو فارم، 2 ہزار کین سائنو ڈوزز فراہم کی گئیں۔