مظفر آباد( ویب نیوز ) بینک آف آزاد جموں و کشمیرنے 14سالہ تاریخ میں پہلی بار منافع، ڈیپازٹس اور ترسیلات زر سمیت دیگر شعبہ جات میں تاریخ ساز اضافے اور ترقی و کامیابی کے تمام ریکارڈزتوڑدیئے۔ بینک کا عملہ شب وروز کی محنت اور جانفشانی سے ریاست کے اس واحد مالیاتی ادارے کی دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہاہے۔اعداد و شمار کے مطابق بینک کا منافع سال 2019میں کم ہو کر 134ملین روپے کی سطح پر آ گیا تھا۔تا ہم سال2020 میں موثر مالیاتی حکمت عملی سے بینک کا منافع125%اضافے کے ساتھ بلند ترین سطح پر پہنچا دیاگیاجو کہ بینک کی 14سالہ تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بینک کے صدر کی ہدایات اور نگرانی سے انتظامیہ اور عملے کو صارفین کی بہترین خدمات کی فراہمی اور میرٹ و قواعد و ضوابط کا سختی سے پابند بنا دیاگیا ہے۔ معزز صارفین کا بینک آف آزاد جموں و کشمیر پر بھرپور اعتماد ہے کہ بینک کی 14سالہ تاریخ میں پہلی بار سال 2020 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے منافع، ڈیپازٹس اور ترسیلات زر سمیت دیگر شعبہ جات میں بھی قابل قدر اضافہ ریکارڈ کیا گیاجو کہ بینک کی ترقی اور کامیابی کا سفر جاری و ساری رہنے کا پیش خیمہ ہے۔