بھارت میں کورونا وباء کی صورتحال تشویشناک ، ایک دن میں ریکارڈ ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ
بھارت میں مجموعی کیسز ایک کروڑ 26 لاکھ تک پہنچ گئے
نئی دہلی(ویب نیوز) بھارت میں کورونا وباء کی صورتحال تشویشناک ہوگئی جہاں پیر کے روز کورونا وائرس کے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے اور امریکا کے بعد دوسرا ملک بن گیا جہاں ایک روز میں ایک لاکھ سے زیادہ مثبت کیسز سامنے آئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق وبا سے سب سے زیادہ بھارت کی امیر ریاست مہاراشٹرا متاثر ہوئی ہے جہاں ملک کا تجارتی دارلحکومت ممبئی اور متعدد صنعتیں موجود ہیں، یہاں ہسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں۔فروری میں کئی ماہ بعد کم ترین کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اب یومیہ انفیکشن کی تعداد 12 گنا بڑھ گئی ہے، اس سے قبل کیسز کم ہونے پر حکام نے زیادہ تر پابندیاں ہٹا دی تھیں اور لوگوں نے ماسک پہننے اور سماجی فاصلے کا خیال رکھنا چھوڑ دیا تھا۔چنانچہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ ہونے والے ایک لاکھ 3 ہزار558 نئے کیسز کے ساتھ بھارت میں مجموعی کیسز ایک کروڑ 26 لاکھ تک پہنچ گئے ہیں جو امریکا اور برازیل کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ ہیں۔علاوہ ازیں وبا کے باعث مزید 478 مریض لقمہ اجل بنے جس سے اموات کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 101 ہوگئی جبکہ گزشتہ ہفتے رپورٹ ہونے والے کورونا کیسز کی تعداد دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے سب سے زیادہ ہے۔ماہرین وبائیات کا کہنا ہے کہ وائرس کی مزید تبدیل شدہ اقسام نیکیسز میں دوبارہ اضافے میں اہم کردار ادا کیا، بھارت میں وائرس کی مختلف اقدام کے سیکڑوں کیسز سامنے آئے ہیں جن کی برطانیہ، جنوبی افریقہ اور برازیل میں نشاندہی ہوئی تھی۔دوسری جانب بھارت دنیا میں سب سے زیادہ ویکسین تیار کرنے والا ملک بھی ہے اور اب تک اپنے 7 کروڑ 70 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگا چکا ہے جو امریکا اور چین کے بعد تیسری بڑی تعداد ہے۔بھارت میں اس وقت صرف 45 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے جس میں ہیلتھ اور فرنٹ لائن ورکرز کی ویکسینیشن پہلے ہوئی۔ایک جانب کیسز میں اضافہ جاری ہے دوسری جانب درجنوں ریاستوں میں سیاستدان اور وزرا انتخابی ریلیاں نکال رہے ہیں جن میں ہزاروں افراد بغیر ماسک اور احتیاطی تدابیر کے شرکت کررہے ہیں۔کورونا کیسز میں اضافے کے بعد بھارت کی اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی آگئی ہے۔